سندھ کے وسائل کو لوٹنے والی زرداری لیگ کو سندھ کے عوام 25 جولائی کو مسترد کردیں گے،سردار رحیم

پیر 23 جولائی 2018 17:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس(جی ڈی ای)کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات اورفنکشنل مسلم لیگ کے رہنماسردار رحیم نے کہا ہے کہ دس سال سے سندھ کے وسائل کو لوٹنے والی زرداری لیگ کو سندھ کے عوام 25 جولائی کو مسترد کردیں گے اور یہ بدترین شکست سے دوچار ہوگی۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس جی ڈی ای26 جولائی کو سندھ کے عوام کے ساتھ مل کر یوم نجات منائے گی۔

گزشتہ روز جاری کردہ اینے ایک بیان میں سردار رحیم نے مزید کہا کہ جی ڈی اے کا ایک عظیم الشان جلسہ خیرپور میں منعقد ہوا جسے شکست خوردہ عناصر نے سبوتاژکرنے اور حالات خراب کرنے کی بھرپور کوشش کی اور پیر جو گوٹھ جاکر پیر صاحب پگارا کی رہائش گاہ کے باہر غلیظ زبان استعمال کی اور وہاں موجود لوگوں پر دھاوا بول دیا لیکن پیر صاحب پگارا کے پیروکاروں نے دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صبر وتحمل سے کام لیا ورنہ حالات قابو سے باہر ہوسکتے تھے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں اس شکست خوردہ عناصر نے اپنی مذموم کوششوں میں ناکامی کے بعد جی ڈی اے کے امیدوار اور سابق وزیر اعلی سندھ سید غوث علی شاہ کی رہائشگاہ پر حملہ کردیا اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہاں موجود ایک شخص زخمی بھی ہوگیا۔سردار رحیم نے مزید کہا کہ زرداری لیگ اپنی شکست کے خوف سے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے اور اپنی گرتی ہوئی سیاسی ساکھ کو بچانے کیلئے افراتفری کا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے اور اس نے مسلح حملوں کی سازش تیار کی ہے جسے سندھ کے عوام اپنے اتحاد ویکجہتی کے ذریعہ ناکام بنادیں گے اور شکست زرداری لیگ کا مقدر بنے گی۔

واضح رہے کہ جب بلاول بھٹو نے اپنی ریلی پیر جو گوٹھ لے جانے کا اعلان کیا تھا تو اس وقت پیر صاحب پگارا نے جی ڈی اے کے کارکنوں اور اپنے پیروکاروں کو خصوصی ہدایت کی تھی کہ وہ اس موقع پر نظم وضبط کا خیال رکھیں اور پرامن رہیں۔ سردار رحیم نے زرداری لیگ کو متنبہ کی کہ وہ اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے،جی ڈی اے کے کارکنان ایسے ہتھکنڈوں کو اپنے اتحاد ویکجہتی کے ذریعے سے ناکام بنادیں گے۔