جتنی چاہو رکاوٹیں ڈالو25جولائی کومخالفین کا سیاسی مستقبل بند گلی میں داخل ہوجائیگا‘پرویز ملک

2013کے مقابلے میں آج کا پاکستان کہیں ترقی یافتہ اور محفوظ ہے ،مزید نکھاریں گے‘ خواجہ عمران نذیر

پیر 23 جولائی 2018 18:00

جتنی چاہو رکاوٹیں ڈالو25جولائی کومخالفین کا سیاسی مستقبل بند گلی میں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدرمحمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ جتنی چاہو رکاوٹیں کھڑی کرلو25جولائی کو ہر بوتھ سے صرف شیر ہی نکلے گا،مخالفین کا سیاسی مستقبل بند گلی میں داخل ہوجائے گا،عوام درست فیصلہ کرینگے، ملک اناڑی اور کھلاڑی کے ہاتھوں میں نہیں دیا جا سکتا، 2013کے مقابلے میں آج کا پاکستان کہیں ترقی یافتہ اور محفوظ ہے ،مزید نکھاریں گے، بھانت بھانت کی بولیاں بولنے والے ناکام ہوں گے ، زرداری اور نیازی مسترد ہو چکے ، عوام کے حقیقی لیڈر نواز شریف ہیں ،شیر دھاڑے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے حلقے میں الیکشن مہم کے دوران کارنر میٹنگ سے خطاب رتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں عوام ترقی کے مخالفین کا محاسبہ کریں گے، 2018 کے الیکشن میں جھوٹ، منافقت اور الزام تراشی کی سیاست کا دھڑن تختہ ہوگا۔نااہلی کے باوجود بھی ملکی سیاست نواز شریف کے گرد گھوم رہی ہے، ان کی مخالفت میں اتحاد بن اور ٹوٹ رہے ہیں۔ نواز شریف کا خوف ان کے مخالفین کو کھائے جا رہا ہے۔ عمران چار سال سے رو رہے ہیں اور روتے ہی رہیں گے۔ جیسے جیسے شیر آگے بڑھے گا ان کا رونا مزید تیز ہوتا جائے گا۔