کراچی، واٹرکمیشن نے 6 ہفتوں میں واٹر سپلائی کے حوالے سے زیر تکمیل اسکیموں کو مکمل کرنے کا حکم دے دیا

پیر 23 جولائی 2018 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) واٹرکمیشن نے 6 ہفتوں میں واٹر سپلائی کے حوالے سے زیر تکمیل اسکیموں کو مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔پیر کو واٹر کمیشن میں دوران سماعت سندھ کے سابق محکمہ انیشیٹو کے پروجیکٹ ڈائریکٹر پیش ہوئے اورٹھٹھہ میں دو واٹر سپلائی اور ایک ڈرینج اسکیم کے متعلق تفصیلات کمیشن کو دیں جس پرکمیشن سربراہ کے ٹھٹھہ میں وزٹ کے دوران منصوبوں میں نقائص کی نشاندہی کے باعث سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر طلب کیا گیا تھا۔

کمیشن کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق انیشیٹو کا محکمہ ختم کیا گیا کمیشن کا کہنا تھا کہ محکمہ ختم ہونے کے بعد اسکیمیں پبلک ہیلتھ کے حوالے کرنی تھیں لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔کنٹریکٹر مختار پلیجو سے کمیشن نے استفسار کیا کہ کتنی اسکیمیں آپ کو ملی ہیں آپ پر مہربانی کی گئی ہے جس پر کنٹریکٹر نے بتایا کہ چار اسکیمیں ملی تھیں کمیشن نے استفسار کیا کہ پیسے بھی ملے تھے پھر کام کیوں نہیں کیا حکام نے بتایا کہ زبانی احکامات پر تمام ٹھیکے دئیے گئے تھے کمیشن نے بتایا کہ اسکیموں کا وزٹ کریں اگر کام نہیں ہوا تو ایمانداری سے بتائیں کمیشن نے کنٹریکٹر سے استفسار کیا کہ چار اسکیموں کو مکمل کرنے کے لئے کتنا وقت درکار ہے کنٹریکٹر کا کہنا تھا کہ اگر پیسے ملیں گے تو ایک ماہ کام مکمل ہوجائے گا ۔

(جاری ہے)

کمیشن نے حکم دیا کہ چھے ہفتوں میں واٹر سپلائی کے حوالے سے زیر تکمیل اسکیموں کو مکمل کیا جائے کمیشن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کنٹریکٹر کو بقیہ رقم بھی ادا کرے ۔دوران سماعت کورنگی کے مکینوں نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ دو سال سے پانی نہیں آرہا ، متعدد شکایات کے باوجود پانی نہیں مل رہا ، کمیشن نے کورنگی کے اسسٹنٹ انجنئر احسن کو فوری ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی واٹر بورڈ آج ہی علاقہ کا دورہ کرکے غیر قانونی کنکشنز ختم کریں جبکہ کمیشن نے کارروائی کی رپورٹ یکم اگست کو طلب کرتے ہوئے کارروائی 30جولائی تک ملتوی کردی ہے ۔