ھنگو ،دفعہ 144نافذ،جلسے جلوسوں، ریلیوں ، اسلحہ کی نمائش وغیرہ پر پابندی عائد

پیر 23 جولائی 2018 18:20

ھنگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) ضلع ھنگو میں دفعہ 144نافذ ،جلسے جلوسوں، ریلیوں ، اسلحہ کی نمائش وغیرہ پر پابندی عائدکردی گئی ۔خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ اطلاق 27جولائی تک ہوگا۔ڈپٹی کمشنر شاہ فہد نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر شاہ فہد کے دفتر سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق 24جولائی 2018سے ہنگو ضلع بھر میں دفعہ 144نافذ کر دی گئی ہے جس کے تحت جلسے جلوسوں، ریلیوں کے انعقاد، ہوائی فائرنگ، ڈبل سواری، اسلحہ کی نمائش،پولنگ سٹیشن کے اندر غیر متعلقہ شخص کے داخلے، پولنگ سٹیشن کے اندر موبال فون کے استعمال، افغان مہاجر کے شہر داخلے ، کالے شیشوں کے استعمال، کیمیکل ،پٹرول یا پھر مٹی کے تیل بوتلوں اور گیلن میں خرید و فروخت، الیکشن جیتنے کی خوشی میں جشن کے دوران فائرنگ وغیرہ پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت سے سخت اور فوری کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق کسی کے ساتھ بھی رعایت نہیں بھرتی جائے گی جبکہ دفعہ 144پر مکمل پاسداری اور عمل درآمد یقینی بنانے کے لئے پولیس کو بھی ہدایات جاری کر دئیے گئے ہیں ۔