Live Updates

سی پیک نے پاکستان کی قومی ترقی میں نئی روح پھونک دی ہے ، کمیونسٹ پارٹی آف چین کی قیادت میں چین کی تیز تر اقتصادی ترقی اور جامع سوشل گورننس قابل تقلید ہے،

تحریک انصاف پاکستان میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مسئلہ کو سنجیدگی سے لے رہی ہے، پاکستان کے شہریوں کے معیار زندگی کی بہتری اور اس سلسلہ میں انہیں مواقع فراہم کرنا ہمارا مشن ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اقتصادی راہداری کی تعمیر سے روزگار کی فراہمی کے جامع وسائل اور پلیٹ فارم فراہم ہو گا، راہداری کی تعمیر سے پاکستان کو ملک کے اندر سرمایہ کاری اور تجارت کا ماحول بہتر بنانے میں مدد ملی ہے ، صنعتی شعبہ میں تعاون پاک۔چین اقتصادی راہداری کے وسط اور طویل المیعاد منصوبہ بندی کا اہم حصہ ہے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا چینی اخبار ’’گوانگ مینگ ڈیلی‘‘ کو خصوصی انٹرویو

پیر 23 جولائی 2018 19:02

سی پیک نے پاکستان کی قومی ترقی میں نئی روح پھونک دی ہے ، کمیونسٹ پارٹی ..
اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاک۔چین اقتصادی راہداری (سی پیک) نے پاکستان کی قومی ترقی میں نئی روح پھونک دی ہے اور اس سے پاکستان عوام کو فائدہ پہنچا ہے جبکہ پیداواری عمل پر بھی اچھے اثرات مرتب ہوئے ہیں، کمیونسٹ پارٹی آف چین کی قیادت میں چین کی تیز تر اقتصادی ترقی اور جامع سوشل گورننس قابل تقلید ہے کیونکہ یہ ترقی پذیر ممالک اور وہاں کی سیاسی جماعتوں کو اپنے معاملات کی تفہیم اور ان کی اپنی ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے، پاکستان تحریک انصاف پاکستان میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مسئلہ کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ اقتصادی راہداری کی تعمیر سے روزگار کی فراہمی کے جامع وسائل اور پلیٹ فارم فراہم ہو گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی زبان کے اخبار ’’گوانگ مینگ ڈیلی‘‘ کو خصوصی انٹرویو کے دوران کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ مستقبل میں اقتصادی راہداری کو پاکستانی معاشرہ کے تمام طبقات کی حمایت حاصل ہو گی، راہداری کی تعمیر کا عمل جاری رہے گا، پاکستان اور چینی عوام کی عملی کوششوں کے نتیجہ میں پاکستانی معیشت کے کئی شعبوں اور نئی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کی ترقی کے عمل پر بہت اچھے اثرات مرتب ہوئے ہیں، مجھے یقین ہے کہ راہداری کی وسط اور طویل المدتی تعمیر کا عمل اور اس کا عملی نفاذ جاری رہے گا۔

عمران خان نے کہا کہ روزگار کی فراہمی میں راہداری کی تعمیر نے اہم کردار ادا کیا ہے، سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں کی تعمیر اور آپریشنز کے باعث بڑی تعداد میں پاکستانیوں کو براہ راست ملازمت کے مواقع ملے ہیں۔ اسی طرح سی پیک کے منصوبوں کے تحت تعمیرات اور دیگر شعبوں کی ترقی پر نہایت خوشگوار اثرات مرتب ہوئے ہیں اور پاکستان کے عوام کو روزگار کے قیمتی مواقع مہیاء ہوئے ہیں، مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں بھی اقتصادی راہداری کی استعداد سے بھرپور استفادہ کا عمل جاری رہے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستانی معیشت کی ترقی میں روزگار کے مواقع کو کلیدی حیثیت حاصل ہے، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ایک اہم مسئلہ رہا ہے، اس مسئلہ سے مستقبل میں نمٹنے کیلئے مناسب اور جامع اقدامات کرنا ہوں گے۔ پاکستان تحریک انصاف پاکستان میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے مسئلہ کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ اقتصادی راہداری کی تعمیر سے روزگار کی فراہمی کے جامع وسائل اور پلیٹ فارم فراہم ہو گا۔

اس کے علاوہ راہداری کی تعمیر سے پاکستان کو ملک کے اندر سرمایہ کاری اور تجارت کا ماحول بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان کو اپنی جیوپولیٹیکل پوزیشن کی وجہ سے منفرد جغرافیائی فوائد حاصل ہیں، زیادہ آبادی کی وجہ سے افرادی قوت بھی موجود ہے جو ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے، ہم پاکستان کی اس استعداد کو مستقبل میں حقیقت میں بدل دیں گے۔

اس ضمن میں پاک۔چین اقتصادی راہداری کا کردار اہم ہو گا، اس کے نتیجہ میں مزید ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لیں گے۔ روایتی ڈھانچہ کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے سیاحت اور فنانس کے شعبوں سمیت ذیلی صنعتوں کی ترقی پر بھی اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ موجودہ وقت میں راہداری کی تعمیر کے مثبت اور مفید نتائج تعلیم، صحت، میڈیکل کیئر اور لوگوں کے روزگار پر مرتب ہوئے ہیں، مستقبل میں ان شعبوں میں پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے اور پاکستان کے عام لوگوں کے روشن مستقبل کے مواقع دستیاب ہو جائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ عام آدمی کے روزگار اور دیگر مسائل کے حل کی وکالت کی ہے کیونکہ عام آدمی ان مسئائل کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوتا ہے، پاکستان کے شہریوں کے معیار زندگی کی بہتری اور اس سلسلہ میں انہیں مواقع فراہم کرنا ہمارا مشن ہے، راہداری کی تعمیر سے پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی جیسی بنیادی سہولت سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی ہو گی، ہماری جماعت صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی پر اپنی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، غربت ایک طویل المیعاد مسئلہ ہے جس کا خاتمہ ضروری ہے، ملکی آبادی کا ایک بڑا حصہ غربت کا شکار ہے اور اس مسئلہ کے حل کیلئے ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ غربت سے نمٹنے میں چین کا تجربہ سب سے زیادہ ہے، کوریڈور کے تحت لائیولی ہڈ پراجیکٹ سے غربت کے خاتمہ کے عمل میں مدد ملے گی۔ اسی طرح اقتصادی راہداری کے تحت دونوں ممالک کے تاجروں اور صنعتکاروں کے درمیان عملی تعاون کے نتیجہ میں پاکستان پائیدار اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گا۔ اس کے ساتھ ساتھ توانائی اور سبز زراعت کے نتیجہ میں اس عمل کو مہمیز کرنے میں مدد ملے گی۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبہ میں تعاون پاک۔چین اقتصادی راہداری کے وسط اور طویل المیعاد منصوبہ بندی کا اہم حصہ ہے۔ پاکستان اور چین میں مختلف صنعتی پارکوں اور زونز کی تعمیر بھی سی پیک کا اہم حصہ ہے جس کے قومی معیشت پر اچھے اثرات سامنے آئیں گے۔ راہداری کے تحت پاکستان کے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو چین کے ساتھ تعاون اور تعامل کو مزید گہرا کرنے کے مواقع دستیاب ہوں گے، راہداری کے تحت مشترکہ منصوبوں سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے گذشتہ 40 برسوں میں چین میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اصلاحات کے نتیجہ میں چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت بن گیا ہے، پاکستانی معاشرہ بشمول پاکستان تحریک انصاف زندگی کے مختلف شعبوں میں چین کے قیمتی تجربات سے استفادہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چین کی قیادت میں چین کی تیز تر اقتصادی ترقی اور جامع سوشل گورننس قابل تقلید ہے کیونکہ یہ ترقی پذیر ممالک اور وہاں کی سیاسی جماعتوں کو اپنے معاملات کی تفہیم اور ان کی اپنی ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے میں مددگار ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پاک۔چین اقتصادی راہداری اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات کی بنیاد پر آنے والے وقت میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون پائیدار اور دور رس ہو گا اور پاکستان کیلئے سنہری مواقع کا عرصہ جاری رہے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات