Live Updates

زبانی نہیں دل سے مسئلہ کشمیر حل کرانے کی کوشش کریں گے،تحریک انصاف نے کشمیر پالیسی کا اعلان کر دیا

مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم و ستم ہو رہا ہے اسکی دنیا میں مثال نہیں ملتی بھارتی فوج کشمیر ی عوام پر ظلم و ستم کی انتہاء کیے ہوئے ہے،خواتین کی عصمت دری کی جا رہی ہے۔ پیلٹ گن کے ذریعے بچوں کی بینائی چھینی جا رہی ہے،اسدعمراور بیرسٹرسلطان محمود

پیر 23 جولائی 2018 19:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2018ء) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء اسد عمر اورآزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پی ٹی آئی کی طرف سے کشمیر پالیسی کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ ہم زبانی نہیں بلکہ دل سے مسئلہ کشمیر حل کرانے کی کوشش کریں گے۔کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں جو ظلم و ستم ہو رہا ہے اسکی دنیا میں مثال نہیں ملتی بھارتی فوج کشمیر ی عوام پر ظلم و ستم کی انتہاء کیے ہوئے ہے۔

خواتین کی عصمت دری کی جا رہی ہے۔ پیلٹ گن کے ذریعے بچوں کی بینائی چھینی جا رہی ہے۔مودی ایک دہشتگرد ہے اور وزیر اعظم بننے سے پہلے اس پر امریکہ اور برطانیہ میں داخلے پر پابندی تھی۔ جبکہ آج وہی دہشتگرد مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی کرارہا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ نواز شریف نے اس سے پہلے سے مودی سے دوستی کر رکھی تھی اورآج نواز شریف کو کشمیریوں کے خون سے غداری کی سزا مل رہی ہے۔

ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ 25 جولائی کو عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے بعد ہم مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوششیں مزید تیز کر دیں گے۔ہم آزاد کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ انہیں وفاق فائلر تسلیم نہیں کر رہی ہم ان پر دہرے ٹیکس قوانین کا نفاذتبدیل کرنے کیلئے نظر ثانی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار دونوں رہنمائوں نے آج یہاں اسلام آباد میں پی ٹی آئی کشمیر کے زیر اہتمام پی ٹی آئی کے این اے 54 سے امیدوار اسد عمر کے انتخابی مہم کے جلسے سے خطاب سے کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جلسہ سے پی ٹی آئی کشمیر کے سینئر نائب صدر خواجہ فاروق احمد،پی ٹی آئی کشمیر کے بانی صدر راجہ مصدق خان،پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان، پی ٹی آئی شکاگو کے صدر انجم چوہان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرجلسہ میں سینکڑوں خواتین نے بھی شرکت کی۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ نواز شریف نے مودی کے ساتھ ملکر تحریک آزادیء کشمیر کو نقصان پہنچایا اور اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کے لئے آزاد کشمیر کے انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چرایا۔

آج نواز شریف جو اڈیالہ جیل گیا ہے جہا ں اسے کرپشن اور لوٹ مار کی سزا مل رہی ہے وہاں اسے کشمیریوں کے خون سے غداری کی بھی سزا مل رہی ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ 25 جولائی کو پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں اور بالخصوص اسدعمر، عمران خان کی حکومت کے اہم کھلاڑی ہونگے۔کیونکہ اس وقت پاکستانی روپے کی قدر و قیمت گرتی جا رہی ہے اور اس سے پاکستان پر قرضوں کے بوجھ میں 25% فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔

ہمارے ملک کا بچہ بچہ قرضدار ہو چکا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ اسد عمر بھاری اکثریت سے الیکشن جیت کر عمران خان کو وزیر اعظم بنوائیں۔ہم کشمیریوں کی ہمیشہ سے خواہش ہوتی ہے کہ پاکستان مضبوط و مستحکم ہو کیونکہ ایک مضبوط و مستحکم پاکستان ہی کشمیر یوں کی آزادی کا ضامن ہے اور پاکستان میں معاشی اور سیاسی استحکام ہو۔ مجھے یقین ہے کہ اسد عمر بطور وزیر خزانہ پاکستان کو بدترین حالات سے ملک کو صحیح راستے پر گامزن کریں گے۔

کیونکہ جب پاکستان میں معاشی حالت بہتر ہوگی تو اس سے سیاسی استحکام بھی ہو گا۔اس موقع پر اپنے خطاب میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء اسد عمر نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کو بین الاقوام سطح پر بھرپور اور جاندار انداز میں اٹھائیں گے اس وقت دنیا میں دو ہی جگہوں پر ظلم و بربریت ہو رہی ہے ایک کشمیر اور دوسرا فلسطین میں۔کشمیر میں انسانی حقوق اور حق خود ارادیت کا معاملہ ہے۔

ہم مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہر فورم پر دستک دیں گے۔انھوں نے کہا کہ کشمیر کے ساتھ میرا بڑا گہرا اور جذباتی رشتہ ہے۔میں خود اپنی آنکھوں سے سرینگر میں عوام کے ساتھ ظلم و جبر دیکھ کر آیا ہوں وہاں ہر ایک کلو میٹر کے بعد فوجی ناکے لگے ہیں اور خواتین کی عصمت دری ہو رہی ہے ان حالات میں دنیا کو خاموش تماشائی بن کر نہیں بیٹھنا چاہیے۔میں الیکشن کے فوراًً بعد آزاد کشمیر کا دورہء کرونگا اور کچھ روز چھٹیوں کے طور پر وادیء نیلم میں گزاروں گا۔

انھوں نے بیرسٹر سلطان محمودچوہدری کااپنے حلقے میں ایک دن کے نوٹس پر اتنی بڑی تعداد میں کشمیریوں کے جلسے کے انعقاد اور کشمیری ووٹرز کو پی ٹی آئی اور عمران خان کو ووٹ دینے کے لئے راغب کرنے پربیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔جلسہ کے بعد بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور اسد عمر نے آدھ گھنٹہ تک علیحدگی میں ملاقات بھی کی۔شیراز راٹھور
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات