عوام جھوٹے وعدے کرنے والوں کا احتساب کریں انکی محرومیاں دور کریں گے ،چوہدری پرویز الہٰی

پیر 23 جولائی 2018 20:14

عوام جھوٹے وعدے کرنے والوں کا احتساب کریں انکی محرومیاں دور کریں گے ..
چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2018ء) مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری پرویز الہٰی نے گزشتہ رات لاوہ کی تاریخ کے سب سے بڑے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلہ گنگ اور لاوہ میرا اپنا گھر ہے ، عوام کی محرومیاں دور کریں گے۔ لاوہ کو بھی ماڈل سٹی بنائیں گے۔ عوام جھوٹے وعدے کرنے والوں کا احتساب کریں گے۔ وہ بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔

جلسے سے حلقہ پی پی24کے امیدوار حافظ عمار یاسر نے بھی خطاب کیا۔ انتخابی جلسے کا پنڈال چوہدری پرویز الہٰی کی آمد سے قبل ہی بھر گیا۔ جلسے سے کرنل (ر) سلطان سرخرو اعوان، پی ٹی آئی کے ضلعی صدر ملک یاسرپتوالی، سابق ایم این اے سردار ممتاز خان ٹمن نے بھی خطاب کیا۔ حافظ عمار یاسر نے جذباتی خطاب میں کہا کہ میں تلہ گنگ اور لاوہ کے عوام کا خادم ہوں اور خدمت کا سفر جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

کرنل سلطان سرخرو نے کہا کہ شریف خاندان نی35سال حکومت کی اور انہوں نے ملک کو تباہ و برباد کردیا۔ چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ڈپٹی وزیراعظم تھا تو تلہ گنگ کے عوام کو ایک ارب روپے کی لاگت سے سوئی گیس فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ لاوہ کو بھی سوئی گیس فراہم کریں گے۔ اس موقع پر وقفے وقفے کیساتھ دیکھو دیکھو کون آیا شیر کا شکاری آیا کہ فلک شگاف نعرے لگائے جاتے رہے۔