لیگ پہلی بار ایمپائر کی مدد کے بغیر الیکشن لڑ رہی ہے، قوم مفاداتی نہیں نظریاتی سیاست کے حق میں فیصلہ دے،حامد رضا

پیر 23 جولائی 2018 20:24

لیگ پہلی بار ایمپائر کی مدد کے بغیر الیکشن لڑ رہی ہے، قوم مفاداتی نہیں ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور امیدوار این اے 110صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ن لیگ پہلی بار ایمپائر کی مدد کے بغیر الیکشن لڑ رہی ہے۔ قوم مفاداتی نہیں نظریاتی سیاست کے حق میں فیصلہ دے۔ پاک فوج کے خلاف زبان درازی ہماری قوت برداشت سے باہر ہے۔سیاست کو تجارت بنانے والوں کو ووٹ کی طاقت سے سیاست بدر کریں گے۔

25 جولائی لٹیروں اور لوٹوں کے لئے رسوائی اور پسپائی کا دن ہے۔ نظام مصطفیٰ کے حامی امیدواروں کی جیت سے ملک کی تقدیر بدلے گی۔ ووٹرز اپنے ووٹ کے ذریعے حکمران اشرافیہ کا احتساب کرنے کا موقع ضائع نہ کریں۔ الیکشن کو متنازعہ بنانے کی سازشوں کا سد باب ضروری ہے۔ بیرونی ممالک سے لوٹ مار کا پیسہ واپس لا کر ڈیمز تعمیر کئے جائیں۔

(جاری ہے)

الیکشن ڈے کو پرامن بنانے کے لئے فُول پروف انتظامات کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے سمانہ چک میں انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ قوم اقتدار کی ہوس میں مبتلا بڑی جماعتوں سے مایوس ہے۔دھاندلی کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفے کی حکمرانی ہے۔ اقتدار کے لالچ میں ہر اصول اور نظریہ بھول جانے والے تبدیلی نہیں لا سکتے۔

ہماری سیاست اسلام اور پاکستان کے لئے ہے۔ ووٹرز اپنی تقدیر بدلنے کے لئے گھوڑے کے نشان پر مہر لگائیں۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں روکی جائیں۔ ہماری طاقت کا سر چشمہ قرآن اور ایمان ہے۔ عالمی طاقتیں الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی سازش کر رہی ہیں۔ پاک فوج کی مخالفت کرنے والے دراصل پاکستان کی مخالفت کر رہے ہیں۔ نواز شریف کا عدلیہ و فوج مخالف بیانیہ 25 جولائی کو مسترد ہو جائے گا۔