اسلام آباد ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 60 راولپنڈی میں انتخابات ملتوی کیے جانے کیخلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا، سماعت (کل ) تک ملتوی کر دی

پیر 23 جولائی 2018 20:37

اسلام آباد ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 60 راولپنڈی میں انتخابات ملتوی کیے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے راولپنڈی کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 روالپنڈی میں انتخابات ملتوی کیے جانے کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت (آج )منگل تک ملتوی کر دی ہے ۔پیر کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل بینچ نے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار مختار عباس کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل نیاز اللہ نیازی ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ چھ مختلف حلقوں میں امیدوار نا اہل ہوئے ہیں لیکن وہاں الیکشن ملتوی نہیں ہوا ۔سماعت کے دوران فاضل جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ بیلٹ پیپرز میں حنیف عباسی کا نام چھپ چکا ہے اس حوالے سے کیا ہوگا ۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سکروٹنی کے بعد 8امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔عدالت نے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔