آمدن میں اضافے کے ساتھ ساتھ محکمہ جات کی کارکردگی بھی بڑھانا ہو گی ،راجہ محمد فاروق حیدر خان

ان لینڈ ریونیو کے افسران دبائو سے بالا تر ہو کر کام کریں حکومت آزاد کشمیر ملازمین کو مکمل تحفظ اور سہولیات مہیا کرے گی، وزیراعظم آزاد کشمیر

پیر 23 جولائی 2018 20:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آمدن میں اضافے کے ساتھ ساتھ محکمہ جات کی کارکردگی بھی بڑھانا ہو گی تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آ سکیں۔ان لینڈ ریونیو اہداف کا حصول یقینی بنائے۔ ان لینڈ ریونیو کے افسران دبائو سے بالا تر ہو کر کام کریں حکومت آزاد کشمیر ملازمین کو مکمل تحفظ اور سہولیات مہیا کرے گی۔

آزاد کشمیر میں ٹیکس کے نظام کو اپ گریڈ کیا جائے گا اور ٹیکس سسٹم کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا تاکہ اس اہم ادارہ کی کارکردگی بہتر ہو سکے۔ آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ٹیکس کے ذرائع میں اضافہ نا گزیر ہے۔ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے جاندار اقدامات اٹھائے جائیں ۔

(جاری ہے)

ٹیکس کے نظام میں بہتری سے عوام کا اس ادارے پر اعتماد بحال ہو گا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر محکمہ ان لینڈ ریونیو کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ان لینڈ ریونیو کا اعلیٰ سطحی اجلاس وزیر اعظم آزاد کشمیر کی صدارت میں اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،سیکرٹری مالیات، پرنسپل سیکرٹری ،سیکرٹری سروسز، اکائونٹنٹ جنرل آزاد کشمیر ، کمشنر انکم ٹیکس سمیت محکمہ ان لینڈ ریونیو کے دیگر حکام نے شرکت کی۔

اس دوران ان لینڈ ریونیو کی طرف سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں محکمہ کی استعداد کار، افرادی قوت اور اہداف کے حصول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر کو بتایا گیا کہ آزاد کشمیر میں 29ہزار 410سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے انکم ٹیکس وصول کیا جاتا ہے جبکہ کہ 17ہزار222افراد ٹیکس فائلر ہیں۔

424ایسوسی ایشنز ہیں اور بنک ہاء اور موبائل کمپنیوں سمیت کل 247کمپنیاں انکم ٹیکس ادا کرتی ہیں۔ فیڈرل ایف بی آر اور آزاد کشمیر کے ٹیکس دھندگان جو فائلر ہیں ان کی انفارمیشن کا تبادلہ شروع ہو چکا ہے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ آزاد کشمیر کے ٹیکس دھندگان پاکستان میں فائلر تسلیم کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری مالیات نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کی کوششوں سے سابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بنائی تھی کہ آزاد کشمیر کے ٹیکس دھندگان کو ایف بی آر کی لسٹ میں درج کیا جائے اور سسٹم اپ گریڈ کیا جائے۔

جس کے بعد معاملات میں بہتری آئی اور اب یہ معاملہ مستقل حل کی طرف جارہا ہے ۔اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ محکمہ ان لینڈ ریونیو حکومت آزاد کشمیر کے پاس آنے سے ہماری ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہو چکا ہے۔ رواں مالی سال آمدن میں اضافے کا سال ہے طے شدہ اہداف کاحصول ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔

محکمہ ان لینڈ ریونیو کے افسران دل جمعی کے ساتھ کام کریں حکومت آزاد کشمیر محکمہ ان لینڈ ریونیو کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی،ان لینڈ ریونیو کے ملازمین آزادحکومت کے ملازم ہیں اور ان کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا۔ آزاد کشمیر میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے نظام کی آٹو میشن سے شفافیت آئے گی اور ٹیکس دھندگان کا اس ادارے پر اعتماد بحال ہو گا۔ ہم ریاستی وسائل کو بڑھانا چاہتے ہیں اس مقصد کے لیے تمام تر وسائل بروئے کا لائے جائیں گے۔ خطہ کی ترقی کے لیے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ناگزیر ہے۔