Live Updates

عمران خان نے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے،اسد عمر

پیر 23 جولائی 2018 21:06

عمران خان نے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے،اسد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 54 اسد عمر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نریندر مودی کے دور میں کشمیریوں پر بے انتہا مظالم ڈھائے گئے ہیں، عمران خان نے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی، انہوں نے بے گناہ کشمیریوں پر کئے جانے والے مظالم کے خلاف ہر موقع پر آواز بلند کی۔

یہ بات انہوں نے کشمیر تحریک انصاف کے صدر بیرسٹر سلطان محمود کی جانب سے دیئے گئے ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اسد عمر نے کہا کہ کشمیریوں پر سب سے زیادہ مظالم نریندر مودی کے دور میں ہوئے، بھارتی فورسز کی جانب سے چھرے والی بندوق کے استعال کے نتیجے لوگوں کی بینائی چلی گئی جبکہ بہت سے کشمیری جوانی میں ہی معذور ہوگئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے برسر اقتدار آنے اور عمران خان وزیراعظم بننے کے بعد پوری دنیا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات کو استوار رکھیں گے اور کشمیریوں کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔

اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ اسلام آباد میں مقیم کشمیریوں سے درخواست ہے کہ وہ این اے 53 اور این اے 54 میں عمران خان اور اسد عمر کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں۔ بعد ازاں گولڑہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد کی تقدیر بدلنے کا عہد کیا ہوا ہے۔ اجلاس سے اعظم خان، فرزند شاہ، جمشید مغل اور اشرف گجر ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات