جولیاں اور حطار میں مسلم لیگ (ن) امیدواروں کے کامیاب جلسوں نے بابر نواز اور راجہ فیصل کی کامیابی کا بگل بجا دیا

پیر 23 جولائی 2018 21:39

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء) جولیاں اور حطار میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کے جلسوں میں ہزاروں افراد کی شرکت نے بابر نواز خان اور راجہ فیصل کی کامیابی کا بگل بجا دیا، مفاد ٹولے کو الیکشن میں عبرتناک شکست ہو چکی ہے، جولیاں میں گھوڑوں کے روائتی رقص کے ساتھ راجہ عامر زمان اور راجہ فیصل زمان کا استقبال کیا گیا، عوام نے راجہ سکندر زمان مرحوم اور شہید اختر نواز کے خدمت مشن کو زندہ رکنے کیلئے شیر پر ٹھپے لگانے کا عہد کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر راجہ عامر زمان، مسلم لیگ (ن) کے امیدوار قومی اسمبلی بابر نواز خان اور امیدوار صوبائی اسمبلی راجہ فیصل زمان نے حطار اور جولیاں میں بڑے عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

راجہ عامر زمان، راجہ فیصل زمان، فیصل بشیر، ملک رفاقت زمان گجر، ساجد ندیم، سید ساجد حسین شاہ اور راجہ شہاب، راجہ قیصر، راجہ بوبی اور راجہ جنید زمان جب جولیاں کے جلسہ میں شرکت کیلئے پہنچے تو راجہ مظہر الطاف، چیئرمین اسلم بیگ، ندیم بیگ، سیار خان، غلام رسول، راجہ کامران اور سادات برادری کی اہم شخصیات سمیت عوام کے جم غفیر نے گھوڑوں کے روائتی رقص سے استقبال کیا۔

اس موقع پر لیگی کارجنوں نے راجہ فلک کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ حطار جلسہ سے قبل سید امجد علی شاہ کی زیر قیادت سینکڑوں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر مشتمل ریلی نکالی گئی۔ جلسوں سے خطابات کے دوران ڈاکٹر راجہ عامر زمان، بابر نواز خان اور راجہ فیصل زمان نے کہا کہ 25 جولائی شیر کی فتح کا دن ہے کیونکہ آج جولیاں اور حطار کے تاریخ ساز عوامی جلسے گواہی دے رہے ہیں کہ عوام نے شیر پر ٹھپے لگانے کا عہد کر کے مفاد پرست ٹولے کو الیکشن سے قبل عبرتناک شکست سے دوچار کر دیا ہے۔