سابق صوبائی وزیر زراعت سردار اکرام اللہ خان گنڈہ پور کو اپنے والد اور شہید بھائی کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا

نماز جنازہ میں علاقہ کی عوام، سیاسی سماجی شخصیات اور اعلیٰ سول و فوجی افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی

پیر 23 جولائی 2018 21:42

سابق صوبائی وزیر زراعت سردار اکرام اللہ خان گنڈہ پور کو اپنے والد اور ..
ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2018ء) سابق صوبائی وزیر زراعت سردار اکرام اللہ خان گنڈہ پور کو اپنے والد اور شہید بھائی کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا، انکی نماز جنازہ گورنمنٹ ڈگری کالج کلاچی میں ادا کی گئی جس میں علاقہ کی عوام، سیاسی سماجی شخصیات اور اعلیٰ سول و فوجی افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع ہر ہر آنکھ نمناک تھی، نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہید کے بھائی سردار انعام اللہ خان گنڈہ پور نے کہا کہ بحثیت مسلمان مجھے فخر ہے کہ ہمارے گھرانے کے دو افراد شہادت کے رتبہ پر فائز ہوئے ہیں مگر جب ہم قانون و انصاف کی بات کرتے ہیں تو ساڑھے چار سال قبل میرے چھوٹے بھائی سردار اسرار اللہ خان کو بھی خود کش حملہ میں شہید کیا گیا جس کی براہ راست نامزدگی میں نے سابق صوبائی وزیر مال علی امین گنڈہ پور، انکے بھائی تحصیل ناظم عمر امین گنڈہ پور اور انکے ایک تیسرے ساتھی پر کی مگر افسوس کہ نامزدگی کے باوجود نامزد ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا اور آج میرے دوسرے بھائی کو بھی شہید کردیا گیا، انہوں نے کہا کہ میں نے انصاف کے لیئے سب کو آواز دی مگر افسوس تاحال مجھے انصاف نہیں ملا، میری چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے درخواست ہے کہ خدا کے لیئے وہ اس سانحہ پر سوموٹو ایکشن لیں، اداروں سے حقائق معلوم کریں دودھ کا دودھ پانی کا پانی سامنے آجائے گا، نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید اکرام خان گنڈہ پور کی میت انکی رہائش گاہ گنڈہ پور کاٹیج لائی گئی جہاں انہیں اپنے والد سابق وزیر اعلیٰ سردار عنایت اللہ خان گنڈہ پور، اپنے چھوٹے بھائی سابق صوبائی وزیر قانون شہید اسراراللہ خان گنڈہ پور شہید کے پہلو میں سپرد خاک کردیا گیا