الیکشن کے دن قیام امن کو یقینی بنایا جائے گا، آئی جی سندھ

1لاکھ پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے، الیکشن کے دن علاقہ ایس ایچ او 2 موبائل اسکواڈ کے ساتھ متحرک ہوگا،پریس کانفرنس

پیر 23 جولائی 2018 21:49

الیکشن کے دن قیام امن کو یقینی بنایا جائے گا، آئی جی سندھ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2018ء) آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ الیکشن میں قیام امن کو یقینی بنایا جائے گا، 1 لاکھ پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ الیکشن کے دن علاقہ ایس ایچ او 2 موبائل اسکواڈ کے ساتھ متحرک ہوگا۔تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال خراب تھی، کراچی میں قیام امن میں پولیس نے اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے۔ پولیس میں اصلاحات کریں گے، لوگوں کا اعتماد بحال کریں گے، پولیس میں ٹریننگ کا نظام لائیں گے، پولیس میں موجود خامیوں کا خاتمہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میں بھی قیام امن کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

پولیس میں سیاسی مداخلت کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ جرائم میں ملوث افراد کی لسٹیں بنائی ہیں، انہیں گرفتار کریں گے۔

آئی جی نے کہاکہ شہر میں اب کوئی نو گو ایریا نہیں ہے۔ بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں کمی آئی ہے۔ ’کراچی کو ایسا بنائیں گے کہ باہر سے آنے والے محفوظ جنت سمجھیں گے‘۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ ہونی چاہیئے، اس کے لیے کام کر رہا ہوں۔ بہتر معاشرہ چاہیئے تو بہتر پولیس کا ہونا ضروری ہے۔آئی جی نے مزید کہا کہ چوری شدہ موٹر سائیکلوں کی ریکوری کی شرح 50 فیصد ہے۔

موٹر سائیکلوں کی چوری میں 50 افراد پر مشتمل خاندان کو پکڑا ہے۔ صوبہ سندھ میں سب سے پرامن انتخابی مہم چلائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لیے 1 لاکھ پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ 5 ہزار 7 سو انتہائی حساس اور 6 ہزار حساس پولنگ اسٹیشن ہیں، الیکشن کے دن علاقہ ایس ایچ او 2 موبائل اسکواڈ کے ساتھ متحرک ہوگا۔