منی لانڈرنگ کیس، عدالت نے فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی

پیر 23 جولائی 2018 21:49

منی لانڈرنگ کیس، عدالت نے فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور ..
لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2018ء) سندھ ہائیکورٹ سرکٹ بینچ نے پی پی رہنما فریال تالپور کی منی لانڈرنگ کیس میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔گزشتہ روز وفاقی تحقیقاتی (ایف آئی ای) نے منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی کے خلاف چالان جمع کرایا جس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو مفرور ملزم قرار دیا گیاہے۔

سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 10 لاڑکانہ ون سے پی پی امیدوار فریال تالپور نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی۔

(جاری ہے)

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس ارشاد احمد شاہ اور جسٹس رشید سومرو پر مشتمل بینچ نے درخواست پر سماعت کی جس دوران فریال تالپور نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ ایف آئی اے نے سیاسی مقدمات درج کیے اور اس کا مقصد انتخابات میں حصہ لینے سے روکنا ہے۔

عدالت عالیہ کے بینچ نے پیپلزپارٹی کی رہنما کے مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی 6 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔واضح رہے کہ اسی کیس میں ایف آئی اے اور سپریم کورٹ نے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو طلب کیا تھا تاہم دونوں شخصیات نے اپنے وکلا کے ذریعے جواب جمع کرایا ہے جب کہ سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کو دونوں شخصیات کو الیکشن تک طلب کرنے سے روک دیا ہے۔