تمام محکمے ایس او پیز کے مطابق ڈینگی کنٹرول اقدامات پر توجہ دیں‘ڈاکٹر جواد ساجد خان

حساس اضلاع میں ڈینگی سرویلنس اور لاروا سائیڈنگ پر خصوصی توجہ دی جائے، مون سون میں ڈینگی لاروا کی افزائش بڑھنے سے بیماری کے امکانات میں اضافہ ممکن ہے‘نگران وزیرصحت پنجاب

پیر 23 جولائی 2018 22:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جواد ساجد خان نے تمام متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ طے شدہ طریقہ کار کے مطابق انسداد ڈینگی کے اقدامات پوری مستعدی کے ساتھ جاری رکھے جائیں اور ڈینگی کے حساس اضلاع میں ڈینگی سرویلنس اور لاروا سائیڈنگ پر خصوصی توجہ دی جائے،مون سون میں ڈینگی لاروا کی افزائش بڑھنے سے ڈینگی کے کیسز میں بھی اضافہ کے امکانات ہیں لہٰذا ٹیچنگ ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے علاج اور تشخیص کے انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں۔

انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز، کمشنر لاہور اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دیگر اضلاع کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور سی ای اوز ہیلتھ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی کارروائی میں حصہ لیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر سعید گھمن نے صوبے میں ڈینگی کی صورتحال بارے بریفنگ دی۔ ڈاکٹر سعید کا کہنا تھا کہ ڈینگی مچھر کی بودوباش میں تبدیلی کے رحجان نوٹ کئے گئے ہیں اور اب ڈینگی شہری علاقوں سے دیہی علاقوں کی طرف منتقل ہو رہا ہے اور ڈینگی کے کیسز رورل ایریا سے بھی رپورٹ ہو رہے ہیں۔ لہٰذا متعلقہ اداروں اور ڈینگی ورکرز کی ٹیموں کو زیادہ محنت سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیرصحت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیماریوں کی پریونشن کم اخراجات میں ممکن ہے اگر بیماری پھیل جائے تو مریضوں کے علاج پر بھاری اخراجات آتے ہیں اور انسانی زندگیوں کے لئے مشکلات بھی پیدا ہوتی ہیں۔ ڈاکٹر جواد ساجد خان نے ہدایت کی کہ کباڑ خانوں، قبرستانوں، ٹائر شاپس اور تعمیراتی جگہوں پر ڈینگی سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے اور عوامی آگہی کے لئے بھرپور مہم جاری رکھی جائے۔ وزیرصحت نے ہدایت کی کہ جن اضلاع میں ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیاں سست روی کا شکار ہیں ان ڈسٹرکٹس میں انتظامیہ ڈینگی سرویلنس پر توجہ دے تاکہ بیماری کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔