کراچی میں جعل سازی کے الزام میں پریذائیڈانگ افسر گرفتار، مقدمہ درج

پیر 23 جولائی 2018 22:04

کراچی میں جعل سازی کے الزام میں پریذائیڈانگ افسر گرفتار، مقدمہ درج
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2018ء) ڈی ایم سی کے پریذائیڈنگ افسر وحیداللہ کو اپنی جگہ کسی اور شخص کو انتخابی ڈیوٹی پر بھیجنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں انتخابات سے قبل ہی دھاندلی کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈی ایم سی کے 16 گریڈ کے پریزایئڈنگ افسر وحید اللہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وحیداللہ کو پی ایس 93 کے پولنگ اسٹیشن کے لیے پریذایئڈنگ افسر مقرر کیا گیا تھا لیکن اس نے انتخابی ڈیوٹی کے لیے اپنی جگہ زبیر نامی شخص کو بھیج دیا، اور جب زبیر نامی شخص انتخابی ڈیوٹی کے لیے آراو کے روبرو پیش ہوا تو ڈی ایم سی کے ریٹائرڈ افسر نور محمد نے راز فاش کردیا اور کہا کہ میں وحید اللہ کو پہچانتا ہوں یہ وہ شخص نہیں۔

پولیس کے مطابق نور محمد کے راز فاش کرتے ہی ملزم زبیرموقع سے فرار ہوگیا، تاہم حلقہ پی ایس 93 کے آر او نے وحیداللہ اور زبیر کی گرفتاری کا حکم دے دیا اور تھانہ سٹی کورٹ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے عدالتی اہلکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔

(جاری ہے)

دوران تفتیش انکشاف ہوا ہے کہ ملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔تفتیشی افسر نے ملزم وحید کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کے سامنے پیش کیا اوراستدعا کی کہ ملزم زبیر کی گرفتاری کے لئے وحیداللہ کو جسمانی ریمانڈ کے لئے پولیس کے حوالے کیا جائے، جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے پی ایس 95 کے پریزائیڈنگ افسر وحید اللہ کا ایک روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔