پولیس، رینجرز اور دیگر قانون لاگو کرنے والے اداروں میں تعاون کو یقینی بنایا جائے، چیف سیکریٹری سندھ

پیر 23 جولائی 2018 22:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2018ء) چیف سیکریٹری سندھ میجر ریٹائر اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت عام انتخابات کے انتظامات کے متعلق اہم اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، سیکیورٹی، مسنگ فیسلٹیز ، عالمی مبصرین اور دیگر اہم معاملات زیر غور آئے۔ اجلاس میں آئی جی سندھ، صوبائی الیکشن کمشنر اور تمام ڈویڑنل کمشنرز اور سیکیورٹی اداروں کی انتظامات کے متعلق بریفنگ دی۔

چیف سیکریٹری سندھ میجر ریٹائر اعظم سلیمان خان نے کہا کے شفاف اور پر امن انتخابات کروانے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے۔ اجلاس میں آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے بتایا کہ پولیس رینجرز اور دیگر سیکیورٹی اداروں میں انٹیلی جنس شیئرنگ ہے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کو روکنے کے لئے تمام عملہ انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

چیف سیکریٹری سندھ میجر ریٹائر اعظم سلیمان خان نے کہا کہ تمام سیکیورٹی اداروں کے درمیاں باہمی تعاون کو یقینی بنایا جائے۔ این آر ٹی سی عملدار نے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے متعلق کہا کہ تمام حساس پولنگ اسٹیشن پر کیمرے لگا دیئے گئے ہیں اور کچھ امپرووائیز پولنگ اسٹیشن پر بھی آج کیمرے لگ جائیں گے۔ اس دوران چیف سیکریٹری نے کہا کہ صوبے میں 5673 حساس پولنگ اسٹیشن پر 21000 سی سی ٹی کیمروں کے تنصیب کا کام آج مکمل کر لیا گیا ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ میجر ریٹائر اعظم سلیمان خان نے انتخابات کو مانیٹر کرنے والے مبصرین کے متعلق کہا کہ عالمی و قومی مبصرین اور میڈیا نمائندگان الیکشن کمیشن کے نافذ ضوابط پر عمل کو یقینی بنائیں۔ انہوںنے سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں میں موبائل ٹاور وین آج پہنچا ئی جائیں اور تمام موبائیل نیٹ ورک کو یقینی بنایا جائے۔

میجر ریٹائر اعظم سلیمان خان نے مزید کہا کہ محکمہ صحت، اطلاعات اور دیگر اہم ادارے الیکشن کے دن تمام ملازمین کی حاضری کو یقینی بنائیں اور جنریٹر اور یو پی ایس کا انتظام کر کے پولنگ اسٹیشن کے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور تمام کمشنرز، ڈی آئی جیز فیلڈ میں جا کر سیکورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیں۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ انتخابات کے دن اور انتخابی نتائج آنے کے بعد کے بھی فل پروف سیکیورٹی انتظامات کئے جائیں اور نتائج کی خوشی میں ہوائی فائرنگ اور آتشبازی کرنے والے عناصرین سے سختی سے نمٹا جائے۔

انہوںنے کہا کہ وہ پرامید ہوں تمام افسران وسیع تر قومی مفاد میں اپنے فرائض انجام دیں گے۔ اجلاس میں آئی جی سندھ سیکریٹری داخلہ ہارون احمد خان، سیکریٹری اطلاعات قاضی شاہد پرویز، ریجنل الیکشن کمشنر محمد یوسف خٹک، کمشنر کراچی محمد صالح فاروقی،این آر ٹی سی کے نمائندگان نے شرکت کی جب کہ تمام ڈویڑنل کمشنرز نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔