ساہیوال پولیس نے سرقہ بالجبر کی وارداتیں کرنے والے گینگ کے چار ملزمان کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا

ملزمان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کا لوٹا ہوا مال، متعدد موٹر سائیکلیں، موبائل فونز ،نقدی اور بھاری تعداد میں ناجائز اسلحہ برآمد

پیر 23 جولائی 2018 22:10

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2018ء) پولیس تھانہ غلہ منڈی نے سرقہ بالجبر کی وارداتیں کرنے والے بدنام زمانہ علی نواز بھاتا گینگ کے چار ملزمان کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا ۔ ملزمان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کا لوٹا ہوا مال، متعدد موٹر سائیکلیں، موبائل فونز ،نقدی اور بھاری تعداد میں ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیاہے ۔

یہ بات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال غلام مبشر میکن نے دوران پریس کانفرنس ان وارداتوںکے متاثرہ افراد میں موٹرسائیکلوں کی چابیاں اور ان کا سامان تقسیم کرتے ہوئے کہی۔ مزید انہوں نے کہا کہ اس گینگ کے ملزمان شام ہوتے ہی دو موٹر سائیکلوں پر مسلح پسٹل ہو کر تنہا موٹر سائیکل سوار کا پیچھا کرتے اور سنسان جگہ پہنچ کر موٹرسائیکل سوار کو گن پوائنٹ پر روک کر موٹرسائیکل ،نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہوجاتے۔

(جاری ہے)

جس وجہ سے یہ گینگ علاقے میں دہشت کی علامت بنا ہوا تھا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی /ایس ڈی پی او سٹی سرکل ساہیوال ہمایوں افتخار کی زیر نگرا نی ایس ایچ او تھانہ غلہ منڈی انسپکٹر محمد افضل ڈوگر، چوکی انچارج بائی پاس تھانہ غلہ منڈی اسسٹنٹ سب انسپکٹر عالم شیر، اسسٹنٹ سب انسپکٹرشہزاد اکبرودیگر ملازمان پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی ۔

جنہوں نے شب و روز محنت اور جدید سائینٹیفک طریقہ تفتیش کے ذریعے اس گینگ کے سرغنہ علی نواز بھاتااوراس کے تین دیگر ساتھیوں عابد حسین،اسرار عرف رانااور شرافت عرف کالا کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے لوٹا ہوا مال17عدد موٹرسائیکلیں،5عدد موبائل فون،نقدی75000/- وغیرہ کل مالیتی12لاکھ55ہزارروپے اور ناجائز اسلحہ پسٹل30بور04عدد اور متعدد تعداد میں گولیاں برآمد کرلیں۔ ملزمان پولیس ضلع ساہیوال کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے ملزمان نے کئی وارداتوں کے انکشافات کیے ہیں اور مزید انکشافات کی توقع ہے ۔ انہوں نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نقد انعام اور سرٹیفکیٹس کا اعلان کیا۔