سعودی عرب میں ماں کے خلاف یمنی شہری کادائر مقدمہ تین سال بعد خارجہ

مقدمہ اپنی نوعیت کے لحاظ سے سعودی عدالتوں میں پیش نادر اور انوکھے ترین مقدمات میں سے ایک ہے،قانونی مشیر

پیر 23 جولائی 2018 22:18

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) سعودی عرب کے شہر جدہ میں عدالت نے یمنی شہریت کے حامل نوجوان کے اپنی ماں کے خلاف دائر مالی شراکت داری کے مقدمے کو 40 ماہ بعد خارج کر دیا ہے۔ مذکورہ نوجوان کا مطالبہ تھا کہ اس کی ماں باہمی کاروباری سرگرمیوں کے مقابل اٴْسے 6.5 لاکھ ریال کی رقم واپس کرے۔جدہ کے چیمبر آف کامرس میں وکلاء کے پینل کے رکن اور قانونی مشیر ایڈوکیٹ بندر العمودی نے عرب ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ یہ مقدمہ اپنی نوعیت کے لحاظ سے سعودی عرب کی عدالتوں میں پیش کیے جانے والے نادر اور انوکھے ترین مقدمات میں سے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 3 برس کے بعد مقدمے کو خارج کر دیا گیا۔ یمنی نوجوان کی ماں فیصلہ سننے کے بعد روتی ہوئی عدالت سے باہر آئی کیوں کہ وہ نہیں چاہتی تھی کہ اس کے اور اس کے بیٹے کے درمیان قانونی جنگ کی نوبت یہاں تک پہنچے۔

(جاری ہے)

یمنی نوجوان اور اس کی ماں کے درمیان تنازع ایک دکان کی بنیاد پر پیدا ہوا۔ نوجوان کا دعوی تھا کہ اس کی ماں نے متفقہ مالی معاوضے کے مقابل بظاہر یہ دکان اس کے حوالے کر دی تھی تا کہ وہ اس میں اپنا کاروبار کر سکے۔

تاہم اس کی ماں نے کاروباری عمل اور ملازمین کی تںخواہوں کے معاملات میں مداخلت شروع کر دی۔ یہاں تک کہ کاروبار کی آمدنی بھی وہ خود رکھ لیتی اور بیٹے کو کچھ نہیں دیتی تھی۔ اس کے نتیجے میں یمنی نوجوان نے ماں کے خلاف مقدمہ دائر کیا کہ وہ اٴْسے 6.5 لاکھ ریال کی رقم لوٹائے۔نوجوان کا مزید کہنا تھا کہ اس کی ماں دکان سے حاصل ہونے والی رقم کو اپنے بیوٹی سیلونز منتقل کر دیا کرتی تھی اور ماں نے اپنے کیے ہوئے وعدوں کی پاسداری نہیں کی۔