Live Updates

عوام کراچی کی تعمیر و ترقی اور روشن مستقبل کے لیے مجلس عمل کے اہل و دیانت دار نمائندوں کو ووٹ دیں، حافظ نعیم الرحمن

پیر 23 جولائی 2018 22:57

عوام کراچی کی تعمیر و ترقی اور روشن مستقبل کے لیے مجلس عمل کے اہل و دیانت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل کراچی میں قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی انتخابی مہم پیر کے روز رات گئے الیکشن کمیشن کے مقررہ کردہ وقت تک جاری رہی ۔ مجلس عمل نے کراچی میں انتہائی بھر پور اور کامیاب انتخابی مہم چلائی اور اس دوران انتخابی امیدواروں نے لاکھوں کی تعداد میں عام شہریوں بالخصوص ووٹروں سے رابطہ کیا اور مجلس عمل کا منشور اور پروگرام پیش کیا ۔

مجلس عمل وہ واحد پلیٹ فارم ثابت ہوا جس نے کراچی کو بنانے ، سنوارنے اور شہر کی تعمیر نو کے لیے کراچی منشور اور پروگرام پر مشتمل ایک موثر اور قابل عمل منصوبہ اور لائحہ عمل پیش کیا ۔ جس کا عوام کی جانب سے زبردست خیر مقدم کیا گیا ۔ انتخابی مہم کے دوران مجلس عمل کے امیدواروں کو زبردست عوامی پذیرائی ملی اور عوام نے بھر پور جوش و خروش کے ساتھ مجلس عمل کے امیدواروں کو کامیاب بنانے اور ’’کتاب‘‘ کے نشان پر مہر لگانے کی یقین دہانی کرائی ۔

(جاری ہے)

کراچی میں تقریباً تمام قومی و صوبائی اسمبلی سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جو جماعت اسلامی ، جمعیت علمائے اسلام ، جمعیت علمائے پاکستان، مرکزی جمعیت اہل حدیث اور اسلامی تحریک پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں ۔ متحدہ مجلس عمل کراچی کے صدر و امیر جماعت اسلامی کراچی انجینئر حافط نعیم الرحمن جو این اے 250اور پی ایس 129سے امیدوار بھی ہیں نے کراچی کے عوام سے اپیل کی ہے کہ25جولائی کو ’’کتاب‘‘ کے نشان پر مہر لگا کر متحدہ مجلس عمل کے اہل اور دیانت دار نمائندوں کو کامیاب بنائیں ۔

بار بار ووٹ لے لر دھوکہ دینے اور شہر کو تباہ و برباد کر نے والوں کو مسترد کردیں ۔ مجلس عمل کے امیدواروں کی کامیابی کراچی کی تعمیر و ترقی ، امن و محبت اور روشن اور محفوظ مستقبل کی ضمانت ہو گی ۔ این اے 243میں عمران خان کے مقابلے میں ڈاکٹر اسامہ رضی اور این اے 240میں شہباز شریف کے خلاف سید عطا اللہ سمیت تقریباً تمام قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ہمارے امیدوار موجود ہیں اور یہ ہی کراچی کے عوام کے لیے ایک بہترین متبادل ہیں ، یہ نمائندے ہی عوام کو مسائل اور مشکلات سے نجات دلواسکتے ہیں ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اور ہر دور میں اور انتہائی مشکل اور کٹھن حالات میں بھی عوام کی خدمت کی ہے ۔ عبد الستار افغانی اور نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کے دور میں تعمیر و ترقی کے جو منصوبے اور پروجیکٹ بنائے اور مکمل کیے گئے وہ کسی اور دور میں نہیں کیے گئے ۔ ہم نے حکومت میں نہ ہونے کے باوجود بھی کراچی کے عوام کا مقدمہ لڑا اور ترجمانی کی ۔

کراچی کے عوام پر کے الیکٹرک کے مظالم اور لوٹ مار کے خلاف آواز بلند کی اور عوام کو ریلیف دلوایا ۔ نیپرا میں کے الیکٹرک کے ملٹی ائیر ٹیرف میں اضافے کی مخالفت کی اور بالآخر نیپرا نے کے الیکٹرک کو آئندہ 7سالوں تک نرخوں میں اضافے سے روک دیا ۔ اسی طرح ہم نے نادرا کے ایس او پی کو بھی تبدیل کرایا جس سے کراچی کے لاکھوں افراد کو فائدہ حاصل ہوا اور ان کے شناختی کارڈز بننے لگے ۔ نادرا کے ایس او پی میں تبدیلی اور کے الیکٹرک کو نرخوں میں اضافہ نہ کر نے کا پابند کر نا جماعت اسلامی کی عوامی جدو جہد کی بڑی کامیابی اور فتح ہے ۔ کراچی کے عوام ہمارا ساتھ دیں، ہم کراچی میں پانی اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر مسائل بھی ہم ضرور حل کرائیں گے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات