جہاں جاتا ہوں لوگ کہتے،نثارسے جان چھڑوادو،سالارسلام راجا

چوہدری نثار کاپہلے دو تین جلسوں سے الیکشن بن جاتا تھا، اب لوگوں سے خفیہ ملاقاتیں کررہے ہیں، میرے والدکوگرفتار کیا،اب مجھے بھی گرفتارکرلو،انشاء اللہ این اے 59اور پی پی 12کی سیٹ جیت کرنوازشریف کوتحفہ دیں گے۔چاکرہ میں کارنرمیٹنگ سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 23 جولائی 2018 20:55

جہاں جاتا ہوں لوگ کہتے،نثارسے جان چھڑوادو،سالارسلام راجا
راولپنڈی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 جولائی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے رہنماء اور انتخابی امیدوارانجینئرراجا قمر السلام کے 12سالہ صاحبزادے محمد سالار سلام راجا نے کہا ہے کہ حلقے میں جہاں جاتا ہوں لوگ کہتے،نثارسے جان چھڑوادوباقی خیرہے،چوہدری نثار کاپہلے دو تین جلسوں سے الیکشن بن جاتا تھا، اب خفیہ ملاقاتیں کررہے ہیں،راجا قمر السلام کوگرفتار کیا،اب مجھے بھی گرفتارکرلو،انشاء اللہ این اے 59اور پی پی 12کی سیٹ جیت کرنوازشریف کوتحفے میں دیں گے۔

انہوں نے چاکرہ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں کارنرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقے کے عوام ہر چیز سے واقف ہیں۔جو بھی مسلم لیگ ن کانمائندہ ہوتا ہے ، جس کونوازشریف ٹکٹ دیتے ہیں، جو شیر کے نشان پرالیکشن لڑتا ہے۔اسی کوسزا دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اسی کیخلاف کیسز بنائے جاتے ہیں۔اسی لیے میرے والد کوسزا دی گئی کہ وہ اپنے قائد کے وفادار رہے ہیں۔دوسری طرف ایسے ہیں جوویسے توسب سے آگے رہتے ہیں لیکن جب مشکل وقت آتا ہے توجو گرم ہوا چلتی ہے وہ برداشت نہیں کرتے اور درخت کے سائے میں چلے جاتے ہیں اور جیپ پرسوار ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ 35سال جس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑتے رہے آج وہ کہتے ہیں کہ ووٹ نوازشریف کی نہیں بلکہ میری ذات کی تھی۔انہوں نے کہا کہ اب ہمارے مخالف امیدوار نے نوازشریف کا ساتھ چھوڑ دیا ۔وہ جیپ کے اوپرسوار ہوگئے۔35سال تک اس شخص نے اپنے پیر جمائے ہوئے تھے انہوں نے دیکھا کہ اب وہ وکھڑنا شروع ہوگئے توجیپ پرسوار ہوگئے اور منفی ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کردیے۔

مقابلہ کرنا تھا سامنے میدان میں کرتے ، یہ کیا ہوا کہ امیدوار گرفتار ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ اب میں انتخابی مہم چلا رہا ہوں مجھے بھی گرفتار کرلو۔مجھے بھی ہتھکڑی لگا دو۔انہوں نے کہا کہ ہماری انتخابی مہم پہلے سے زیادہ مضبوط ہوچکی ہے جبکہ مخالف امیدوار کا مقصد ناکام ہوگیا ہے۔ہم نے زمینی سطح پرانتخابی مہم چلائی ہے ہم ایسے جلسے نہیں کرتے جہاں باہر سے لوگ آتے ہیں۔

سالارسلام نے کہا کہ پہلے ان کادو تین جلسے کرکے الیکشن بن جاتا تھا لیکن آج گلیوں گلیوں میں پھر رہے ہیں۔لوگوں سے اب خفیہ ملاقاتیں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں اتنے دنوں سے انتخابی مہم چلا رہا ہوں جہاں جاتا ہوں لوگ کہتے ہیں کہ ہماری ان سے جان چھڑوادوباقی خیرہے۔انشاء اللہ این اے 59اور پی پی 12کی سیٹ جیت کرنوازشریف کوتحفے میں دیں گے۔