برابری پارٹی کے منشور میں خواتین کے حقوق ریاست کی ذمہ داری ہوگی ،جواد احمد

پیر 23 جولائی 2018 23:16

برابری پارٹی کے منشور میں خواتین کے حقوق ریاست کی ذمہ داری ہوگی ،جواد ..
لاہور۔23جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء) چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد نے انتخابی مہم کے آخری روز اپنے حلقہ انتخاب این اے 131اور این اے 132 کے علاقوں پرانہ کاہنہ ،نشتر کالونی،مدینہ کالونی ،بیدیاں روڈ،مریم نشاط کالونی،بائو والا،برکی ،کلاس ماری ،گجومتہ اور ہیئر کا طوفانی دورہ کیا، اس دوران کاہنہ میں پارٹی کے خواتین وونگ کی جانب سے ہونے والی مختصر تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برابری پارٹی کے منشور میں خواتین کے حقوق ریاست کی ذمہ داری ہوگی اور انکے تحفظ کے تمام قوانین کو سختی سے لاگو کیا جائیگا جبکہ عوامی رابطہ مہم کے دوران ہونے والی کارنر میٹنگز میں انہوں نے کہا کہ ہم برابری پر مبنی نظام کے خواہش مند ہیں جو دراصل پائیدار جمہوریت کا ضامن ہے ،آپ کا ووٹ اس ملک کی قسمت بدل دیگا اور اپنا ووٹ انہیں دیں جو آپ کی کلاس سے تعلق رکھتے ہوں جن کے پیش نظر الیکشن سرمایہ کاری کاذریعہ نہیں بلکہ اس کا مقصد عوام کے لئے تمام بنیادی حقوق کی فراہمی ہو، انہوں نے مزید کہا کہ برابری پارٹی کا منشور عوام کو بنیادی حقوق فراہم کرنے کی بات کرتاہے ایسے معاشی نظام کی بات کرتا ہے جس میں سب کیلئے تمام حقوق مساوی ہوں ،سرمایہ داروں ،جاگیرداروں اور شوگر مافیا کی سیاست سے نجات چاہتے ہیں ، ہمارا مقصد ان کو اسمبلیوں سے دور رکھنا ہے کیونکہ یہ صرف اپنے حقوق کی بات کرتے ہیں اور ہمارا نعرہ ہے کہ بے روزگار یا تنخواہ دار ملازم کو اتنی اجرت ،الائونس ملے جس سے وہ اپنی بنیادی ضروریات پوری کرسکے اسے اپنے علاج ،تعلیم اور صاف پانی کی دستیابی کے لئے کسی کے آگے پھیلانے کی ضرورت نہ ہو۔