Live Updates

انتخابی مہم ختم ہونے سے قبل تحریک انصاف کا لاہور میں تگڑا پاور شو

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا لاہور کے مختلف علاقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب

muhammad ali محمد علی منگل 24 جولائی 2018 00:17

انتخابی مہم ختم ہونے سے قبل تحریک انصاف کا لاہور میں تگڑا پاور شو
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جولائی2018ء) انتخابی مہم ختم ہونے سے قبل تحریک انصاف کا لاہور میں تگڑا پاور شو، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا لاہور کے مختلف علاقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب۔ تفصیلات کے مطابق عام انتخابات 2018 کیلئے انتخابی مہم کا مقررہ وقت ختم ہو گیا ہے۔ انتخابی مہم کا مقررہ وقت ختم ہونے سے قبل تحریک انصاف نے لاہور میں تگڑا پاور شو کیا۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لاہور کے حلقہ این اے 128اور 125 اور دیگر میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسوں سے خطاب کیا ۔ تحریک انصاف لاہور میں منعقدہ جلسوں میں عوام کی بڑی تعداد کو لانے میں کامیاب رہی۔ جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خبیر پختونخواہ میں تعلیم کا بجٹ سب سے زیادہ رکھا گیا ، لاہور کا بجٹ خیبرپختونخوا ہ سے تین گنا زیادہ ہے، خیبر پختونخواہ میں تعلیم کانظام سب سے بہتر ہے، لاہور کاترقیاتی بجٹ 350 ارب روپے ہے، ہم نے 50 نئے کالجزاور 10 نئی یونیورسٹیاں بنائی ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت نے خیبرپختونخوا ہ کی عوام کے لئے کام کیا، پنجاب کی ساری ترقی اشتہاروں میں ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

خیبر پختوانخواہ میں 3 ہزار ڈاکٹرتھے ، پی ٹی آئی حکومت نے 6 ہزار ڈاکٹر بھرتی کئے اور اب 9ہزار ڈاکٹر کا م کررہے ہیں ، ہم نے ایک ارب اٹھارہ کروڑ درخت لگائے تاکہ موسم گرم نہ ہو ، ملک میں پانی کا مسئلہ آنے والاہے ، پی ٹی آئی کی پہلی حکومت ہے جس نے درخت لگائے ،اسی پیسے سے ہم نے ڈویلپمنٹ کی ۔ انہوںنے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں پاکستان کو تاریخ میں کبھی اتنے مشکل حالات کاسامنا نہیں کرنا پڑا، خیبر پختوانخواہ میں ساری جماعتیں ایک طرف اور تحریک انصاف ایک طرف اور بھرپور کامیابی حاصل کرے گی،خیبر پختوانخواہ میں پاکستان کی تاریخ کا بہترین بلدیاتی نظام لے کر آئے ،اللہ نے کامیابی دی تو لاہور سمیت پاکستان میں بہترین بلدیاتی نظام لے کر آئیں گے، پنجاب میں ساری ترقی اشتہاروں میں ہوتی ہے ۔

شہبازشریف نے کہاتھا کہ لاہور کو پیرس بنا دوںگا لیکن یک بارش سے ہی پیرس بے نقاب ہوگیا، لاہور کی عوام کو پینے کاصاف پانی میسر نہیں، سیوریج سسٹم بہتر نہیں، عوام سوال کرتے ہیں پیسہ کہاں گیا یہ صرف رائیونڈ اور جاتی امراء کوپیرس بنا رہے ہیں ۔ میں نے اتنی بے شرمی نہیں دیکھی،نوازشریف ان کی بیٹی مظلوم بنے ہوئے ہیں اورٹی وی پر اشتہار چل رہے ہیں ، ٹی وی پر ایسے لگ رہا ہے جیسے بالی وڈ کی فلم دیکھ رہے ہیں، تیس ہزار کروڑ روپیہ چوری کرکے بیرون ملک لے گئے ہیں، کبھی پاکستان کی جیلوں میں جاکر دیکھو قیدیوں کا کیاحال ہے، میں نے بھی جیل کاٹی میں نے کبھی نہیں کہاکہ واش روم صحیحِ نہیں۔

شریف خاندان نے تیس سال تک پنجاب کی حکمرانی کی ہے جیلیں ٹھیک نہیں کیں ،پنجاب کی جیلوں میں ایک بچہ جیل چلا جائے تو مجرم بن کر باہر نکلتاہے ،جیلوں میں چھوٹے چور جیلوں میں ہیں جبکہ بڑے تیس ہزار کروڑ چوری کرکے باہر لے گئے ہیں۔آج شہبازشریف کی شکل پر خوف طاری ہے ، شہبازشریف پولیس کے ذریعے لوگوں کو قتل کرواتا تھا،عابد باکسر کہتا نے ا ان کے پول کھول دئیے ہیں۔

میں چیلنج کرتا ہوں خیبر پختوانخواہ میں پانچ سال میں ایک آدمی کانام بتا دیں جسے پولیس نے قتل کیا ہو یا جھوٹی ایف آئی آرکٹوائی ہو۔انہوں نے میرے اوپر 32ایف آئی آردرج کروائی ہوئیں ہیں، پنجاب میں پولیس لوگوں کو تنگ کرتی ہے اگر 25 کو نکلے اور اللہ نے موقع دیاتو میںپولیس کو صحیح کرکے دکھائوں گا ، نوجوانوںکے لئے ٹیکنکل کالجز بنائیں گے جس سے نوجوانوں کو نوکریاں ملیں گی۔

انہوںنے کہا کہ اللہ کسی بھی قوم کو اپنی تقدیر بدلنے کا کبھی کبھی موقع دیتا ہے ۔ یہ 1985 سے پنجا ب پر قبضہ کرکے بیٹھے ہیں ، ان کے بچے ،دماد اربوں پتی بن گئے ہیں جبکہ غریب غریب تر ہو رہا ہے۔اسحاق ڈار نے اپنے بیٹے دبئی میں بٹھائے ہوئے جواربوں پتی ہیں،نوازشریف نے اپنے بچے لندن میں بٹھائے ہوئے، صاف پانی ،سیوریج ، سکول صحیح کرنے کے لے جو پیسے تھے یہ لوٹ کر باہر لے جاتے ہیں، 25جولائی کو آپ کوپاکستان کی تقدیر کافیصلہ کرنا اور بلے کو ووٹ ڈالنا ہے۔

انہوںنے کہا کہ بھارتی حکومت نوازشریف کے ساتھ کھڑی ہے اور کہتے ہیں کہ پاکستان میں دھاندلی ہونے جارہی ہے ،بھارت یہ سن لو آپ کو پتہ ہے کہ عمران خان کسی کاپتلانہیں بن سکتا ، میں اپنی قوم کاسودانہیں کروں گا،ممبئی حملوں میں ساری دنیامیں مودی نے اپنامنہ کالاکروایا،نوازشریف کی ملک مخالفت سے بھارت خوش ہے ، مودی ہمارے کشمیریوں پرظلم کر رہا ہے ۔

انہوںنے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 25تاریخ کے لئے آپ سب تیار ہو، اپنی بہنوں کو کہتاہوں کہ آپ نے گھرگھر جاناہے ،پولنگ ایجنٹوں کو کہتاہوں کل جلد سو جائیں 25جولائی آپ نے ووٹوں پر پہرہ دینا ہے اوردھاندلی نہیں ہونے دینی ۔عمران خان نے مزید کہا کہ مجھے جنون نظر آرہا ہے ، آپ نے 25جولائی کو ملک کی تقدیر بدلنی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف کو اڈیالہ میں مچھر کاٹ رہے ہیں ، کہتے ہیں گرمی لگ رہی ہے ، ائیر کنڈیشنڈ نہیںہے ۔

آپ قوم کے اربوں روپے نہ لوٹتے اور نہ آپ کو جیل میں جانا پڑتا۔ انہوںنے کہاکہ نوجوان تحریک انصاف کی فوج ہیں آپ نے اپنے والدین اور رشتہ داروںکو گھروں سے باہر نکال کر پولنگ اسٹیشن تک لاناہے اور بلے کو ووٹ دلوانا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ اقلیتوں کے معاملے پر تحریک انصاف کے خلاف پراپیگنڈا کیا گیا ہے ۔ میرا رب سب انسانوں کا رب ہے ، میرے لیڈر قائد اعظم محمد علی جناح کے پاکستان میں بسنے والوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ 25جولائی کو لاہور اور پنجاب کے عوام کو ظالمو ں سے نجات دلائیں گے۔حلقہ این اے 125میں عمران خان کی آمد سے قبل کارکن آپس میں لڑ پڑے اور گتھم گتھا ہوگئے۔ اس موقع پر جلسے کے منتظمین نے کارکنوں میں بیچ بچائو کرایا اور انہیں پیچھے ہٹایا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات