Live Updates

راولپنڈی کے عوام نے فیصلہ سنا دیا،جمہوریت کا سورج جلد طلوع ہونے والا ہے، پوری قوم مسلم لیگ کے جھنڈے تلے متحد ہو جائے،جاوید ہاشمی،سینیٹر چوہدری تنویر احمد خان ، سردار نسیم ، ملک ابرار ،چوہدری دانیال ،سالار قمر ،شکیل اعوان ، راجہ حنیف ، شیخ ارسلان حفیظ ، اسامہ چوہدری، طاہرہ اورنگزیب ، سیما جیلانی کا جلسہ عام سے خطاب

منگل 24 جولائی 2018 01:50

2 راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2018ء) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت کی گرفتاریوں سے ہماری انتخابی مہم اور الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی ۔ یہ کیسی جمہوریت ہے۔ راولپنڈی کے عوام نے آج فیصلہ دیدیا ہے۔ جمہوریت کا سورج جلد طلوع ہونے والا ہے، پوری قوم مسلم لیگ کے جھنڈے تلے متحد ہو جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت باغ میں مسلم لیگ ن کے اختتامی انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے سینیٹر چوہدری تنویر احمد خان ، صدر مسلم لیگ ن راولپنڈی سردار نسیم ، این اے 61 کے امیدوار ملک ابرار ، 62 کے امیدوار چوہدری دانیال ، 59 کے امیدوار کے بیٹے سالار قمر ، صوبائی اسمبلی کے امیدواروں شکیل اعوان ، راجہ حنیف ، شیخ ارسلان حفیظ ، اسامہ چوہدری سمیت طاہرہ اورنگزیب ، سیما جیلانی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

حنیف عباسی کی اہلیہ بھی جلسہ کے سٹیج پر موجود تھیں۔ پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ہمارے امیدواروں کو الیکشن لڑنے کا کھلا موقع دینا تو درکنار ووٹ کا حق بھی چھین لیا گیا۔ آج نواز شریف اور مریم نواز کو ووٹ ڈالنے کا حق بھی حاصل نہیں ، یہ کیسی جمہوریت ہے ، جمہوریت کے خواب کی تعبیر نواز شریف نے اپنے ذمے لی ہے اوراب جمہوریت کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔

آج حکمرانوں کے شہر میں سب کو راولپنڈی کے فیصلے کا انتظار ہے ، راولپنڈی کا ووٹ فیصلہ کن ہوتا ہے اور راولپنڈی کے عوام نے پیشگی فیصلہ دیدیا ،راولپنڈی کے عوام نے مجھے 78ہزار ووٹ دیئے، میں نے نواز شریف کو کہا تھا کہ جب مشکل وقت آئیگا تو جاوید ہاشمی اس کے ساتھ ہوگا۔ آج میں نے اپنا وعدہ پورا کردیا۔ اب راولپنڈی کے عوام بھی یہ وعدہ پورا کریں اور25جولائی کو شیر کے نشان پر مہر لگا کر مسلم لیگ کو تاریخ ساز کامیابی سے ہم کنار کریں اور نواز شریف کے سر پر جمہوریت کا تاج سجائیں گے۔

میں نے نواز شریف کو کہا تھا کہ آپ بیمار ہیں جیل نہ جائیں ۔ لیکن انہوں نے کہا کہ میں جمہوریت کی بقا کیلئے جیل ضرور جائوں گا۔ آج پوری قوم کا نعرہ ہے کہ ووٹ کو عزت دو۔ نواز شریف نے یہ عہد کر رکھا ہے کہ ملک کو سازشی عناصر سے پاک کرنا ہے ۔ خواہ وہ عمران خان شیخ رشید یا کسی بھی شکل میں ہو۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سینیٹر چوہدری تنویر احمد خان نے کہا کہ راولپنڈی کے شہریوں کے لیاقت باغ کے تاریخی میدان میںفقید المثال اجتماع سے مخالفین کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔

شیخ رشید کہتا ہے کہ اسے اور عمران خان کو ہرانے کی سازش ہورہی ہے ۔ نواز شریف کے شیر آج یہ اعلان کرتے ہیں کہ شیخ رشید کی راولپنڈی اور عمران خان کی اسلام آباد سے ضمانت ضبط کرائیں گے۔ 25 جولائی کو ڈبے کھلیں گے تو راولپنڈی کے غیرت مند عوام نواز شریف کو کامیابی تحفے میں دیں گے۔ جو سمجھتے تھے کہ نواز شریف کے جیل جانے سے مسلم لیگ کو دبا لیا جائیگا۔

آج جولوگ ایک ہسپتال اٹھا کر پھرتے ہیں اس کی زمین نواز شریف نے دی۔ سنگ بنیاد کیلئے چندہ بھی نواز شریف نے دیا۔ ملک کی سرحدوں کو کھوکھلا کر کے اس کی ترقی روکنے والے لوگ عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں ان لوگوں کے کردار کے بارے میں جاوید ہاشمی پردہ اٹھائیں گے۔ نواز شریف کا کیا جرم ہے سب لوٹے اور چور اس کے خلاف اکھٹے ہوگئے نواز شریف کا جر م یہ ہے کہ اس نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔

اندھیرے ختم کیے ۔ دہشت گردی کا خاتمہ اور ملک کے نوجوانوں کا مستقبل سی پیک سے جوڑنا چاہتے تھے۔ راولپنڈی کے عوام نے الیکشن سے قبل ہی فیصلہ دے دیا کہ25جولائی کو شہر سے سیاسی کچرا اور گند صاف کر کے چھوڑیں گے۔ جب تک نواز شریف کو چوتھی بار وزیر اعظم نہ بنا لیں ہماری جدوجہد ختم نہیں ہوگی۔25جولائی کو شروع ہونے والی جدوجہد کی قیادت میں خود کروں گا۔

اس قوم کا مستقبل نواز شریف سے وابستہ ہے۔ شیدو بھائی یہ سمجھتا تھا کہ حنیف عباسی کو جیل بھجوا کے اکیلا جیتوں گا لیکن حنیف عباسی کا الیکشن ہم لڑیں گے۔ بہت جلد حنیف عباسی واپس آکے الیکشن لڑے گا۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 61سے امیدوار قومی اسمبلی ملک ابرار نے کہا کہ یہ الیکشن ملکی تاریخ کا اہم الیکشن ہے ہمارا مقابلہ کسی پارٹی کے ساتھ نہیں یہودی لابی کے ساتھ ہے ہم نے یہودیوں کو شکست دینی ہے ۔

شہر اور چھائونی کے عوام نے میاں نواز شریف کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے ۔ نواز شریف ملک سے لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہے ۔ ہم حنیف عباسی کو سزا دینے کی پر زور مذمت کرتے ہیں ہم عہد کرتے ہیں کہ الیکشن کے دن خود بھی گھروں سے نکلنا ہے اور عوام کو بھی گھروں سے نکال کر پولنگ سٹیشنوں پر لانا ہے۔ ہم نے اپنے قائد کی رہائی تک جدوجہد جاری رکھنی ہے۔

این اے 62 کے امیدوار دانیال چوہدری نے کہا کہ 25 جولائی کو مخالفین کی ضمانتیں ضبط کروائیں گے۔ یہ آج بھی ہائی کورٹ میں رو رہے تھے کیونکہ شہر میں جلسہ کرنے کے لئے انہیں بندے نہیں مل رہے۔ ہماری اصل جنگ 25 تاریخ کے بعد شروع ہونی ہے۔ اب ہمیں دبایا نہیں جا سکتا۔ پولنگ کے روز ہر گلی محلے اور ہر ڈبے سے شیر کی آواز نکلے گی۔ میری زندگی کا یہ پہلا الیکشن ہے لہٰذا یہ شیخ رشید کا آخری الیکشن ہونا چاہئے۔

مسلم لیگ ن راولپنڈی کے صدر سردار نسیم خان نے کہا کہ آج آپ نے ثابت کر دیا کہ 25 جولائی راولپنڈی کی ہر یونین کونسل اور گلی محلے میں شیر کا راج ہو گا۔ کل ایک گیدڑ نے یہاں جلسی کی تھی آج کے جلسے نے ثابت کر دیا کہ 25 تاریخ کو گیدڑوں کو جنگل میں چھوڑ کر آئیں گے۔ نواز شریف اور مریم نواز کو ناکردہ گناہوں کی سزا دینے کے بعد رات کی تاریکی میں راولپنڈی کے شیر کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔

ہم نے ووٹ کی پرچی سے انتقامی کارروائیوں کا بدلہ لینا ہے۔ 25 جولائی کو پورے ملک میں شیر کی دھاڑ سے نواز شریف ، مریم نواز اور حنیف عباسی سرخرو ہوں گے۔ راولپنڈی کے عوام خراج تحسین کے لائق ہیں جنہوں نے الیکشن سے پہلے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔پی پی 18 کے امیدوار ملک شکیل اعوان نے کہا کہ آج راولپنڈی نے اعلان کر دیا ہے کہ نواز شریف کا ہر وعدہ ہم پورا کریں گے۔

25 جولائی کی شام نواز شریف کو کامیابی کے تحفے دے کر اپنے قائد کی میزبانی کریں گے۔ 25 جولائی کو راولپنڈی کے ہر گھر سے اور ہر بیلٹ بکس سے شیر نکلے گا۔ صوبائی اسمبلی کے امیدوار راجہ ارشد نے کہا کہ آج ہمیں یہ طے کرنا ہے کہ 25 جولائی کو گھروں سے نکل کر شیر پر مہر لگانی ہے۔ ہم نے میاں نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ حنیف عباسی کی جنگ بھی لڑنی ہے۔

پی پی 17 کے امیدوار راجہ حنیف نے کہا کہ حنیف عباسی کو ایک سازش کے تحت جیل میں ڈالا گیا۔ شیخ رشید کو پتہ ہے کہ راولپنڈی میں الیکشن ہار چکا ہے۔ 25 جولائی کو عوام شیر پر مہر لگا کر راولپنڈی سے جھوٹ اور فریب کے خلاف کارروائیوں کا جواب 25 جولائی کو دیں گے۔ پی پی 16 کے امیدوار شیخ ارسلان حفیظ نے کہا کہ راولپنڈی نواز شریف کا گھر اور مسلم لیگ کا گڑھ ہے۔

25 جولائی کو ووٹ کی طاقت اور فیصلے سے نواز شریف اور مریم نواز کو باہر لائیں گے۔ نواز شریف آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ پی پی 14 کے میدوار چوہدری اسامہ نے کہا کہ الیکشن میں صرف ایک روز رہ گیا ہے۔ راولپنڈی کے عوام فیصلہ کر لیں کہ انہوں نے ظالم کے ساتھ کھڑا ہونا ہے یا مظلوم کے ساتھ۔ 25 جولائی کو شیر کے نشان پر مہر لگا کر یہ ثابت کر دیں کہ قوم ظلم کا نظام مزید نہیں چلنے دے گی۔

قومی اسمبلی کے حلقہ 59 اور پی پی 10 کے سابق امیدوار انجینئر قمر الاسلام کے صاحبزادے سالار قمر نے کہا کہ جو لوگ اچھے وقت میں مفادات لیتے رہے مشکل وقت میں جیپ پر سوار ہو گئے۔ لیکن آفرین ہے ان کارکنوں اور قائدین پر جو مشکل وقت میں اپنے قائد نواز شریف کے شانہ بشانہ ہیں۔ وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو 25 جولائی کوووٹ سے جواب دینا ہے۔ راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کو دیوار سے لگانے کے لئے میرے والد کے بعد حنیف عباسی کو جیل میں ڈال دیا گیا۔ پہلے نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو پابند سلاسل کیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات