Live Updates

ختم نبوت ایکٹ میں ترمیم کی کوشش اور ملکی اداروں پر تنقید کی وجہ سے ن لیگ کو خیر آباد کہا، عمر ایوب خان

منگل 24 جولائی 2018 06:30

ہری پور۔ 19 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2018ء) ہری پور کے این اے 17 سے تحریک انصاف کے امیدوار عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ختم نبوت ایکٹ میں ترمیم کی کوشش اور ملکی اداروں پر تنقید کی وجہ سے مسلم لیگ (ن) کو خیر آباد کہا ہے، ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، انشاء الله آنے والا دور تحریک انصاف کا ہے، صوبوں اور مرکز میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت ہو گی اور عمران خان ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔

حلقہ کے مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا پورا خاندان مسلم لیگی تھا لیکن جب انہوں نے دیکھا کہ موجودہ مسلم لیگ میں اپنا ایمان اور عزت بچانا بھی مشکل ہو گیا ہے تو انہوں پارٹی چھوڑ دی، سابق حکومت نے ختم نبوت ایکٹ میں ترمیم کی کوشش کی تو چوہدری نثار سمیت بعض مرکزی قائدین نے پارٹی کو مشورہ دیا کہ ختم نبوت ہر کلمہ گو کے ایمان کا حصہ ہے لہذا اس حساس مسئلہ کو نہ چھیڑا جائے اور نہ ہی ملکی اداروں پر تنقید کی جائے کیونکہ ان اداروں کے کمزور ہونے سے ملکی بنیادیں کمزور ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فوج جیسے ادارے کے خلاف ہم کیسے کوئی بات سن سکتے ہیں جس فوج نے قوم کے محفوظ کل کیلئے اپنا آج قربان کیا، اپنے سینوں پر گولیاں کھا کر مادر وطن کے چپہ چپہ کی حفاظت کی اور آج بھی ہم رات کو آرام کی نیند سوتے ہیں جب ہمارے فوجی جوان برف پوش پہاڑوں پر جاگ کر ملکی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہوتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات