مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بھارتی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ ہے‘ حریت فورم

شہداء کی قربانیاں انمول اثاثہ ہیں اور انکی حفاظت کرنا کشمیری قوم اور قیادت کی مشترکہ ذمہ داری ہے ‘بیان

منگل 24 جولائی 2018 12:43

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میںمیرواعظ عمرفاروق کی زیرقیادت حریت فورم نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بھارتی حکمرانوںکا ضد اور ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ بنا ہوا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ فوجی قوت کے بل پر مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی کوشش یا ظلم وبربریت سے کشمیری حریت پسند عوام کو زیر کرنے کا عمل کبھی کامیاب نہیں ہوگاکیونکہ تحریک آزادی کے ساتھ کشمیری عوام کی جذباتی اور فکری وابستگی کو طاقت سے ختم نہیں کیا جاسکتا۔

ترجمان نے ضلع کولگام کے علاقے کھڈونی میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہیدہونے والے تین نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک جائز مقصد کے حصول کیلئے دی جانے والی قربانیاں انمول اثاثہ ہیں اور ان قربانیوں کی حفاظت کرنا کشمیری قوم اور قیادت کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سینٹرل جیل سرینگر میں قید کشمیری سیاسی نظر بندوں کی بھوک ہڑتال کو جیل حکام کی جابرانہ پالیسیوں کا ردعمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چند ماہ قبل مذکورہ جیل سے ایک قیدی فرار ہونے کے بعد پورے جیل خانے کو ٹارچر سینٹر میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ سیاسی انتقام کے لیے جیل میں نظربند کشمیریوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جارہا ہے، ان کو طبی اور دیگر سہولیات سے محروم رکھا جارہا اور مقررہ وقت پرعدالتوں میں پیش نہیں کیا جارہا ہے۔انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ جموںوکشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میںنظربند کشمیریوں کی حالت زار کا نوٹس لیں اور ان کی رہائی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

ترجمان نے بھارتی حکومت کی جانب سے ریاست میں غیر ملکی صحافیوں کے داخلے پرپابندی کو اظہار رائے کی آزادی پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے آمرانہ حربے کشمیری عوام پرجاری مظالم اور کشمیر میں جاری پر امن تحریک آزادی کی باز گشت کودنیا سے چھپانے کے لئے کئے جارہے ہیں جو قابض حکمرانوں کی بوکھلاہٹ ظاہر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا اگرچہ کشمیر میں آئے روز ذرائع ابلاغ اور انٹرنیٹ پر اعلانیہ اور غیر اعلانیہ سینسرشپ لاگو کی جاتی ہے تاہم یہ اقدام انتہائی تشویشناک صورتحال کا عکاس ہے۔

ترجمان نے سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ جو دلی کی تہاڑ جیل میں نظربند ہیں کے چچا محمد شفیع شاہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت اورو یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔