ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خیبر پختونخوا کے سابق قبائلی علاقوں میں مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ جانی و مالی نقصان کے حوالے سے کنٹرول قائم کردیا

منگل 24 جولائی 2018 13:19

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خیبر پختونخوا کے سابق قبائلی علاقوں میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2018ء) خیبرپختونخوا کے سابق قبائلی علاقہ جات کے اضلاع میں مون سون بارشوں کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوئے ہیں،متعلقہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے سابق قبائلی علاقہ جات کے ہر ضلع کو 10سے 15ملین روپ دیئے ہیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کے درمیان زخمیوں اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ کو بلاتاخیر مالی معاونت کی جاسکے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے انچارج منیجر نور الامین نے منگل کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خیبر پختونخوا کے سابق قبائلی علاقوں میں مون سون بارشوں کے باعث ممکنہ جانی و مالی نقصان کے حوالے سے کنٹرول قائم کردیا ہے۔ قبائلی علاقہ کے عوام کسی بھی ناگہانی آفات کے حوالے سے فون نمبر 091-9216403 پر آگاہ کرکے مدد حاصل کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقہ جات میں اب تک 7 افراد مون سون کی بارشوں کے نتیجہ میں جاں بحق ہوئے ہیں جن میں ایک مرد جس کا تعلق کرم سے اور اسی علاقے میں پانچ بچے بھی جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ خیبر ضلع سے ایک بچہ ہلاک ہوا ہے۔ مجموعی طورپر 7 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ کرم ایجنسی کے علاقہ میں 4 خواتین اور خیبر میں تین بچے زخمی ہوئے ہیں۔

مجموعی طورپر 7افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مون سون کی بارشوں کے نتیجہ مین خیبر ضلع میں تین گھروں کی چھتیں گر گئی ہیں جبکہ ضلع کرم میں ایک کمرہ کی چھت گری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقہ جات کے ہر اضلاع کو 10 سے 15 ملین روپے فراہم کردیئے ہیں جو مون سون کی بارشوں میں متاثر ہونے والے گھروں کے مالکان جبکہ جاں بحق و زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو دیئے جائیں گے۔