Live Updates

عام انتخابات ، قومی اسمبلی کی اکثر نشستوں پر کانٹے دار مقابلے متوقع

منگل 24 جولائی 2018 13:47

عام انتخابات ، قومی اسمبلی کی اکثر نشستوں پر کانٹے دار مقابلے متوقع
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2018ء) عام انتخابات 2018ء میں ملک بھر میں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلے متوقع ہیں، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان قومی اسمبلی کے پانچ ، مسلم لیگ (ن) کے سربراہ شہباز شریف قومی اسمبلی کی چار اور صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری قومی اسمبلی کے تین حلقوں سے میدان میں ہیں۔

ملک بھر میں قومی اسمبلی کی اکثر نشستوں پر کانٹے دار مقابلوں کی توقع ہے۔ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف، اندرون سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس جبکہ شہری علاقوں میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور پاک سر زمین پارٹی کے علاوہ متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں میں کانٹے دار مقابلے ہوں گے۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف، متحدہ مجلس عمل، عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان بھرپور مقابلے ہوں گے۔ بلوچستان میں بلوچستان عوامی پارٹی، متحدہ مجلس عمل، پشتونخوا میپ، نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے درمیان مقابلے ہوں گے۔ جنوبی پنجاب میں تحریک انصاف اور آزاد امیدواروں کے ساتھ ساتھ کچھ حلقوں میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان مقابلے ہوں گے۔

اسلام آباد سے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے درمیان کانٹے دار مقابلے متوقع ہیں۔ عمران خان کا بنوں میں مجلس عمل کے اکرم درانی، اسلام آباد سے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق، میانوالی سے عبید اللہ شادی خیل اور کراچی سے ایم کیو ایم کے علی رضا عابدی اور پی پی پی کی شہلا رضا مد مقابل ہیں۔ شہباز شریف سوات، لاہور ، ڈیرہ غازی خان اور کراچی سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ ، لیاری اور مالاکنڈ سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ لاہور میں این اے 129 سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور تحریک انصاف کے علیم خان کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے آبائی حلقہ سے پی ٹی آئی کی ڈاکٹر یاسمین راشداور مسلم لیگ (ن) کے وحید عالم خان کے درمیان جوڑ پڑے گا۔

این اے 124 لاہور سے حمزہ شہباز شریف امیدوار ہیں۔ چوہدری نثار علی خان قومی اسمبلی کے دو اور صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں پر آزاد میدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ٹیکسلا سے ان کے مد مقابل پی ٹی آئی سے غلام سرور خان سے ان کا کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو مری سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف این اے 58 گجر خان سے مسلم لیگ(ن) راجہ جاوید اخلاص اور تحریک انصاف کے چوہدری عظیم مد مقابل ہیں ۔

سابق وزیر اعظم سیدیوسف رضا گیلانی این اے 158 شجاع آباد سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جہاں ان کا مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے جاوید علی شاہ سے ہے ۔ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی قومی اسمبلی کے دو حلقوں ملتان اور عمر کوٹ سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ملتان میں ان کا مقابلہ مسلم لیگ (ن ) کے سابق ایم پی اے سے ہے جبکہ عمر کوٹ میں ان کا مقابلہ نواب یوسف تالپور سے ہوگا۔

مجلس عمل کے سربراہ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 38 اور 39 ڈیرہ اسماعیل سے امیدوار ہیں ۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق این اے 7 لوئردیر سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان این اے 24 چارسدہ جبکہ قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پائو این اے 23 چارسدہ سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سابق پارلیمانی لیڈر غلام احمد بلور پشاور سے اپنے آبائی حلقہ سے حصہ لے رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری پرویز الہٰی تلہ گنگ اور اپنے آبائی حلقہ گجرات سے قومی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 245 اور 247 سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال اور متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی بھی کراچی سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید احمدشاہ سکھر جبکہ سابق سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا جی ڈی اے کے پلیٹ فارم سے بدین سے انتخابات میںحصہ لے رہی ہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ جام کمال اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے جبکہ وہ قومی اسمبلی کے ایک حلقہ میں سابق وزیر اعلیٰ سردار ثناء اللہ زہری کے مد مقابل ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات