پورے پاکستان میں کل شیر دھا ڑے گا،

جعلی تبدیلی کے دعویدار نظر نہیںآئیں گے، بابر نواز خان

منگل 24 جولائی 2018 14:32

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حلقہ این اے 17 بابر نواز خان نے کہا ہے کہ کل پورے پاکستان میں شیر دھا ڑے گا اور جعلی تبدیلی کے دعویدار منہ چھپاتے پھرتے نظر آئیں گے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ہر دور میں ترقی کا نیا سفر شروع ہوا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع ہری پور کے 600 سے زائد دیہاتوں کو گیس کی فراہمی اور ہزارہ موٹر وے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف کی ہزارہ بالخصوص ہری پور کی عوام سے کئے گئے وعدوں کی پاسداری ہے، مسلم لیگ (ن) دوبارہ مرکز میں حکومت بنا کر ضلع ہری پور کو اسلام آباد بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پانچ سال تک اقتدار کے مزے لوٹنے والے پورے ملک میں تبدیلی کے نعر ے لگا رہے ہیں حالانکہ وہ خیبر پختونخوا میں پانچ سالہ دور میں مکمل ناکام ہوئے ہیں، ہزارہ کی عوام نے پہلے بھی نواز شریف کے حق میں فیصلہ دیا ہے اور ایک بار پھر ترقی کی منزل کو پانے کیلئے شیر پر مہر لگائیں گے۔