Live Updates

خیبرپختونخوا ،ْنگراں وزیرِ اعلیٰ نے ڈی سی پشاور کے بیان کا نوٹس لے لیا

ْ ڈپٹی کمشنر پشارو کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے ،ْ دوست محمدخان کی متعلقہ حکام کوہدایت ڈپٹی کمشنر نے الیکشن کے دن کیلئے ایک ہزار کفن تیار کرنے کا بیان جاری کیا تھا

منگل 24 جولائی 2018 16:12

خیبرپختونخوا ،ْنگراں وزیرِ اعلیٰ نے ڈی سی پشاور کے بیان کا نوٹس لے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2018ء) نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے ڈپٹی کمشنر پشاور کے غیر ذمہ دارانہ بیان کا نوٹس لے لیا۔نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر) دوست محمد خان نے ڈپٹی کمشنر پشاور کے بیان کو ایک مذاق قرار دیا۔انہوںنے کہاکہ ڈی سی کے بیان نے ووٹرز میں بلاوجہ اور بے بنیاد خوف و ہراس پھیلادیا ہے ،ْصوبے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے حوالے سے انہوںنے کہاکہ رائے دہندگان کو مکمل سیکیورٹی کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں عوام کے جان و مال کا مکمل تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔جسٹس (ر) دوست محمد خان کا کہنا تھا کہ افسران کو اس طرح کے بیانات سے منع کرنے کے باوجود غیر ذمہ دارانہ بیان دیا گیا۔

(جاری ہے)

نگراں وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ ڈپٹی کمشنر پشارو کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر پشاور کی جانب سے 23 جولائی کو ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے الیکشن کے دن کے لیے 1 ہزار کفن تیار کرنے کا بیان جاری کیا تھا۔

خیال رہے کہ 25 جولائی کو ملک میں عام انتخابات منعقد کیے جارہے ہیں جہاں سیکیورٹی انتطامات پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں ،ْیاد رہے کہ 10 جولائی کو پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی انتخابی مہم کے دوران بم دھماکے سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار اور بشیر بلور کے صاحبزادے ہارون بلور سمیت 20 افراد جاں بحق جبکہ 48 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

22 جولائی کو خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں خود کش حملے کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف کے انتخابی امیدوار اکرام اللہ خان گنڈاپور اور ان کے ڈرائیور جاں بحق جبکہ ان کے محافظ زخمی ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں میں 2 مرتبہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اور انتخابی امیدوار اکرم خان درانی پر قاتلانہ حملہ کیا جاچکا ہے جس میں وہ محفوظ رہے تاہم ان کے محافظ اور حامی ہلاک ہوچکے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات