متحدہ عرب امارات میں 9 ایمنسٹی سنٹرز قائم کر دیئے گئے

غیر قانونی طور پر مقیم افراد اپنے غیر قانونی سٹیٹس کو قانونی حیثیت دِلوا سکتے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 24 جولائی 2018 16:17

متحدہ عرب امارات میں 9 ایمنسٹی سنٹرز قائم کر دیئے گئے
ابو ظہبی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 جُولائی 2018) متحدہ عرب امارات میں ویزے کی مُدت ختم ہونے کے باوجود غیر قانونی طور پر مقیم غیر مُلکیوں کے لیے سُکھ کا سانس لینے کا وقت آ گیا ہے۔ کیونکہ کئی ایسے غیر مُلکی تھے جو ویزوں میں تجدید چاہتے تھے مگر کافی عرصہ تک غیر قانونی طور پر رہنے کے باعث عائد کیے جانے والے بھاری جرمانوں کی ادائیگی اُن کے لیے وبالِ جان بنی ہوئی تھی۔

ایسے افراد کی سہولت کے لیے مملکت بھر میں ایمنسٹی کے تحت رجسٹریشن سنٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ ابو ظہبی کے باسیوں کے لیے ان ایمنسٹی سنٹرزکا قیام شہامہ‘ العین اور غربیہ میں موجود امیگریشن آفسز میں کیا گیا ہے۔ دُبئی میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی رجسٹریشن کے لیے ایمنسٹی سنٹر الاویر میں قائم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح دیگر اماراتی ریاستوں میں موجود امیگریشن سنٹرز پر ہی یہ ایمنسٹی سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

یکم اگست 2018ء سے یہ ایمنسٹی رجسٹریشن سنٹرز ہفتہ میں پانچ روز یعنی اتوار سے جمعرات‘ صبح آٹھ سے رات آٹھ بجے تک صارفین کو سہولت فراہم کریں گے۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو اپنا سٹیٹس قانونی بنانے کے لیے تین ماہ کی رعایت دی گئی ہے۔ اس رعایتی سکیم کا آغاز یکم اگست 2018ء سے ہو گا اور یہ31 اکتوبر 2018ء کو اختتام کو پہنچ جائے گی۔

اس سکیم کو’ ’اپنے سٹیٹس کو بدلوا کر خود کو محفوظ بنائیں‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس سکیم کے تحت ویزے کی زائد مُدت کے بعد اس کی تجدید نہ کروانے والوں کو اپنے غیر قانونی قیام کو محض پانچ سو امارتی درہم فیس کے عوض قانونی حیثیت دینا ہو گی یا پھر کسی قانونی کارروائی اور جرمانے کی ادائیگی کے بغیر رضاکارانہ طور پر امارات کو خیر باد کہنا ہو گا۔

ایسے افراد کے دوبارہ امارات آنے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی جائے گی۔وہ غیر قانونی طور پر افراد جو امارت میں قیام کو ترجیح دیں گے‘ اُنہیں ویزے کی تجدید کی فیس ادا کرنی ہو گی جبکہ اُن پر غیر قانونی قیام کے باعث ماضی میں عائد جرمانہ یا فیس پُوری طرح معاف کر دی جائے گی۔ سٹیٹس قانونی ہونے کی صورت میں اُنہیں چھے ماہ کا عارضی ویزہ بھی مل جائے گا۔

اس سکیم کی بدولت غیر قانونی طور پر مقیم افراد ملازمتیں حاصل کرنے کے مجاز بھی ہوں گے جوکہ اس سے پیشتر ویزے کی تجدید نہ کرانے کے باعث یہاں ملازمت حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔ صرف پانچ سو اماراتی درہم کے عوض وہ یہاں سکون اور پکڑے جانے کے خوف سے آزاد ہو کر زندگی گزار سکتے ہیں۔ یہ افراد منسٹری آف ہیومن ریسورسز اینڈ اماراتائزیشن کی ویب سائٹ پر جا کر ملازمت کے حصول کے لیے اپنا نام رجسٹر کروانے کے بھی اہل ہوں گے۔اس ایمنسٹی سکیم میں شام اور یمن جیسے جنگ کی لپیٹ میں آئے ممالک کے باشندے بھی ایک سال کا رہائشی ویزہ حاصل کرنے کے حقدار ٹھہرائے گئے ہیں۔