پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کے وقت کسی فنی خرابی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر متبادل انتظامات بھی مکمل رکھنے کی ہدایت

منگل 24 جولائی 2018 16:40

پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کے وقت کسی فنی خرابی کے ممکنہ خدشات کے پیش ..
فیصل آباد۔24جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2018ء) آج منعقد ہونے والے قومی وصوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کے سلسلہ میںپولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کے وقت کسی فنی خرابی کی صورت میں بجلی کی بندش کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر متبادل انتظامات بھی مکمل رکھنے کی ہدایت کردی گئی ہے، تمام پولنگ سٹیشنز کے پریذائیڈنگ افسران و دیگر مقامی پولیس و انتظامی حکام سے کہاگیاہے کہ اگرچہ ۱ٓج کسی بھی جگہ پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاہم ووٹوں کی گنتی کے وقت اگر بوقت ضرورت جنریٹرز کاانتظام نہ ہوسکے تو روشنی کا بندوبست کرنے کیلئے ٹارچز اور گیس لیمپ وغیرہ ضرور موجو د رکھے جائیں تاکہ ووٹوں کی گنتی کے موقع پر کسی دشواری کاسامنا نہ کرنا پڑے، ریجنل الیکشن کمیشن فیصل آباد کے ترجما ن نے بتایاکہ اگرچہ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے واپڈا ، پیپکو اور تما م ڈسٹری بیوشن کمپنیوں بشمول لیسکو ، فیسکو، میپکو، گیپکو کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پولنگ کے موقع پر ووٹوں کی گنتی کا مرحلہ مکمل ہونے تک کسی بھی قسم کی لوڈ شیڈنگ سے گریز کریں تاہم پھر بھی تمام پیشگی اقدامات مکمل رکھے جا رہے ہیں، انہوںنے کہاکہ تمام ڈی ایس پیز اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بھی اس ضمن میں ضروری اقدامات مکمل رکھیں۔