اُم القوین: ٹریفک حادثے میں اماراتی شخص ہلاک

متوفی کی گاڑی سڑ ک کنارے کھڑے ٹرک میں جا گھُسی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 24 جولائی 2018 17:59

اُم القوین: ٹریفک حادثے میں اماراتی شخص ہلاک
اُم القوین( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 جُولائی 2018) اماراتی ریاست اُم القوین میں پیش آنے والے ایک ٹریفک حادثے میں اماراتی شخص جان کی بازی ہار گیا۔ مذکورہ شخص کی گاڑی سڑک کنارے کھڑے مال بردار ٹرک کے عقب میں جا گھُسی۔ اُم القوین کے ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کرنل سعید عبید بن اران نے حادثے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کے سنٹرل آپریشنز روم کو شام کے اوقات میں اس حادثے کی اطلاع مِلی جس پر ایمبولینس روانہ کر دی گئی۔

یہ حادثہ شیخ زید بن سُلطان النہیان پر پیش آیا۔مرنے والا امارتی شخص اپنی غلطی سے موت کے منہ میں گیا۔ متوفی کار سوار فلاج ال معلی کی جانب جا رہا تھاجب اُس کی گاڑی تیز رفتاری اور بے دھیانی کے باعث سڑک کنارے کھڑے ٹرک کے پچھلے حصّے سے ٹکرا کرگئی۔

(جاری ہے)

سول ڈیفنس کے سٹاف موقع پر پہنچا تو انہوں نے دیکھا کہ ڈرائیورٹرک کے اندر پچکی ہوئی گاڑی میں ہی پھنسا ہوا تھا۔

آخر خاص آلات کی مدد سے گاڑی کو کاٹ کر متاثرہ شخص کو باہر نکالا گیا۔ جس کے بعد اُسے قریبی ہسپتال لے جایا گیا ‘ مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جہانِ فانی سے کُوچ کر گیا۔ اُس کی لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا گیا جہاں سے اُس کے ورثا بعد میں اُس کی لاش کو آخری رسومات کی ادائیگی کے لیے لے گئے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں تیز رفتاری کے باعث رُونما ہونے والے واقعات کی گنتی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے متعدد آگاہی مہموں اور جرمانوں کی سزاؤں کے باوجود مقامی اور غیر مُلکی افراد حدِ رفتار سے تجاوز کرنے کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ مختلف سماجی حلقوں کی جانب سے ٹریفک قواعد و ضوابط میں تبدیلی لا کر حادثات کی روک تھام کے مطالبات زور پکڑ رہے ہیں۔