بلوچستان کے دارالحکومت میں دہشت گردوں کا حملہ، 3 سیکورٹی اہلکار شہید

حملہ کوئٹہ کے دور دراز علاقے میں واقع پولنگ اسٹیشن پر کیا گیا، حملے میں 3 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید جبکہ 12 افراد زخمی ہوئے ہیں

muhammad ali محمد علی منگل 24 جولائی 2018 20:09

بلوچستان کے دارالحکومت میں دہشت گردوں کا حملہ، 3 سیکورٹی اہلکار شہید
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جولائی 2018ء) بلوچستان کے دارالحکومت میں دہشت گردوں کا حملہ، 3 سیکورٹی اہلکار شہید، حملہ کوئٹہ کے دور دراز علاقے میں واقع پولنگ اسٹیشن پر کیا گیا، حملے میں 3 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید جبکہ 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے کوئٹہ میں موجود پولنگ اسٹیشن پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا۔

حملے کے نتیجے میں پولنگ اسٹیشن میں موجود 3 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والے افراد کو ریسکیو عملے نے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔ پولنگ اسٹیشن پر حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کو جائے وقوعہ پر طلب کر لیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقہ کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور سرچ آپریشن بھی کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

 واضح رہے کہ پاکستان بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کل مورخہ 25 جولائی 2018ء کو ہو گی جس میں کروڑوں کی تعداد میں عوام اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔ پولنگ کے دوران ملک بھر میں سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے پاک فوج سمیت دیگر سکیورٹی ادارے بھی اپنے فرائض انجام دیں گے۔ کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے 640 پولنگ اسٹیشن کے لئے پولیس، بی سی اور اے ٹی ایف کے 6325 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

140 خواتین پولیس اہلکار اور 200 لیڈی ہیلتھ ورکرز بھی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گی جبکہ ایف سی اور آرمی نے بھی پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے انتظامات سنبھال لئے ہیں۔کوئٹہ کے 73 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس ، 438 کو حساس اور 129 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ پولنگ اسٹیشنز کے 400 گز کی حدود میں پارکنگ پر پابندی عائد ہو گی ۔ بی ڈی اور فائربریگیڈ کی 6 ٹیمیں الرٹ رہیں گی ، جبکہ پولنگ کے عمل کی نگرانی کے لئے ڈی آئی جی ، سی پی او اور ڈی سی آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کئے گئے ہیں۔