وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی

شہر بھر میں رینجرز اور پولیس کے دستوں کا گشت، ڈبل سواری اور اسلحہ لہرانے پر مکمل پابندی عائد

muhammad ali محمد علی منگل 24 جولائی 2018 22:49

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جولائی 2018ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی، شہر بھر میں رینجرز اور پولیس کے دستوں کا گشت، ڈبل سواری اور اسلحہ لہرانے پر مکمل پابندی عائد۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں عام انتخابات کے انعقاد میں محض چند گھنٹے باقی ہے۔ ایسے میں ملک بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ سیکورٹی خدشات کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

دفعہ 144 نافذ کرنے کے بعد اسلام آباد میں ڈبل سواری اور اسلحہ لہرانے پر پابندی عائد ہوگی۔ جبکہ شہر بھر میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے گشت بھی کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کل مورخہ 25 جولائی 2018ء کو ہو گی جس میں کروڑوں کی تعداد میں عوام اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔

(جاری ہے)

پولنگ کے دوران ملک بھر میں سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے پاک فوج سمیت دیگر سکیورٹی ادارے بھی اپنے فرائض انجام دیں گے۔

کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے 640 پولنگ اسٹیشن کے لئے پولیس، بی سی اور اے ٹی ایف کے 6325 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ 140 خواتین پولیس اہلکار اور 200 لیڈی ہیلتھ ورکرز بھی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گی جبکہ ایف سی اور آرمی نے بھی پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے انتظامات سنبھال لئے ہیں۔کوئٹہ کے 73 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس ، 438 کو حساس اور 129 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ پولنگ اسٹیشنز کے 400 گز کی حدود میں پارکنگ پر پابندی عائد ہو گی ۔ بی ڈی اور فائربریگیڈ کی 6 ٹیمیں الرٹ رہیں گی ، جبکہ پولنگ کے عمل کی نگرانی کے لئے ڈی آئی جی ، سی پی او اور ڈی سی آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کئے گئے ہیں۔