Live Updates

فیصل آباد کے حلقہ این اے 107 میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے اُمیدوار آمنے سامنے

حلقہ میں پی ٹی آئی کا انتخابی کیمپ لگانے پر دونوں جماعتوں کے کارکنان میں تصادم

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 25 جولائی 2018 09:39

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جولائی 2018ء) : فیصل آباد کے حلقہ این اے 107 میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فیصل آباد کے حلقہ این اے 107 میں پولنگ اسٹیشن نمبر 279 کے قریب پی ٹی آئی کا انتخابی کیمپ لگانے پر دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکنان میں تصادم ہو گیا جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر پی ٹی آئی کا انتخابی کیمپ بھی اُکھاڑ دیا۔ فیصل آباد کے حلقہ این اے 107 سے پاکستان تحریک انصاف کے خرم شہزاد اور پاکستان مسلم لیگ ن کے حاجی محمد اکرم انصاری مد مقابل ہیں۔ تصادم کے بعد پولیس کی بھاری نفری کو علاقہ میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ آج 25 جولائی کو ملک بھرمیں انتخابات 2018ء کے تحت پولنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے جو صبح 8 بجےسے شام 6 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

ملک بھر سے آج 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔آج قومی اسمبلی کے 272 میں سے 270 حلقوں جب کہ صوبائی اسمبلیوں کے 577 میں سے 570 حلقوں کے لیے پولنگ ہو گی اور ووٹرز اپنے پسندیدہ اُمیدوار کو ووٹ دیں گے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر رہے کہ عام انتخابات 2018ء میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 8 حلقوں پر انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں، جہاں الیکشن اب بعد میں ہوں گے۔

جن حلقوں میں آج انتخابات نہیں ہو رہے، ان میں قومی اسمبلی کے دو حلقے این اے 60 راولپنڈی اور این اے 103 فیصل آباد جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقے پی کے 78 پشاور، پی کے 99 ڈیرہ اسماعیل خان، پی پی 87 میانوالی، پی پی 103 فیصل آباد، پی ایس 87 ملیر اور پی بی 35 مستونگ شامل ہیں۔اس کے علاوہ سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 6 کشمور سے میر شبیر بجارانی الیکشن سے قبل ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔علاوہ ازیں کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر پاک فوج کے جوان تعینات ہوں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات