ایسا علاقہ جہاں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین نے ووٹ کاسٹ کیا

دیر بالا کے علاقے میں خواتین ووٹرز نے پہلی بار اپنا حق رائے استعمال کیا ہے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 25 جولائی 2018 11:08

دیر بالا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2018ء) ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ دیر بالا کے علاقے میں خواتین ووٹرز نے اپنا حق رائے استعمال کیا ہے۔ قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق دیربالا کی تاریخ میں پہلی بارخواتین ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے اپنے گھروں سے باہر آئی ہیں۔عام انتخابات 2018 میں حلقہ این اے 5 پی کے 12 پر خواتین ووٹرز کا پولنگ اسٹیشنوں پر رش دیکھا گیا۔

اس موقع پر گورنمنٹ پرائمری اسکول نمبر 21 پر پہلا ووٹ کاسٹ کیا گیا۔ اس سے قبل ماضی میں اس حلقے میں عمائدین نے گزشتہ انتخابات میں خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔تاہم اس بار دیر بالا میں بھی خواتین نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے۔جو کہ ایک بہت اچھی بات ہے ۔اس کے علاوہ بھی دیگر شہروں میں بڑی تعداد میں خواتین ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے گھروں سے نکلی ہیں۔

(جاری ہے)

خواتین میں ووٹ دینے کا جوش و خروش دیدنی ہے۔ یاد رہے اس سے پہلے ضلع خوشاب سے بھی خبر سامنے آئی تھی کہ خوشاب میں بھی 70 سالہ تاریخ بدل گئی ہے اور پہلی مرتبہ خواتین نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق خوشاب کے علاقہ گھگھ کلاں میں خواتین کی ووٹ نہ ڈالنے کی روایت ہے جو اس مرتبہ انتخابات کے موقع پر ٹوٹ گئی ہے اور پہلی مرتبہ خواتین اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے گھروں سے نکل رہی ہیں اور اپنا ووٹ کاسٹ کر رہی ہیں۔

اس تبدیلی میں بڑا ہاتھ مسلم لیگ ن کی رہنما سمیرا ملک کا ہے جنہوں نے انتخابی مہم کے دوران علاقے کے مردوں کو خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے راضی کیا۔ یاد رہے کہپاکستان کے اکثر علاقے خصوصا خیبرپختونخوا میں خواتین ووٹ کاسٹ نہیں کرتی ۔ اکثر علاقوں میں انتخابات سے پہلے ہی خواتین کے ووٹ نہ ڈالنے پر اتفاق ہو جاتا ہے۔یاد رہے قومی اسمبلی کے 2 اور صوبائی اسمبلی کے 6 حلقوں پرالیکشن ملتوی کردیے گئے ہیں جبکہ پی ایس 6 کشمور سے میر شبیر بجارانی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔