لاہور کے حلقہ این اے 136 اور پی پی 171 کے پولنگ اسٹیشنز پر گرمی کی شدت میں بھی عوام کی لمبی لمبی قطاریں، سکیورٹی کے فل پروف انتظامات،ووٹرز کیلئے پولنگ اسٹیشنز پر ٹھنڈے پانی کا انتظام

بدھ 25 جولائی 2018 15:36

لاہور کے حلقہ این اے 136 اور پی پی 171 کے پولنگ اسٹیشنز پر گرمی کی شدت میں ..
لاہور۔25جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2018ء) صوبائی دارالحکومت لاہور کے حلقہ این اے 136 اور پی پی 171 کے مرد ،خواتین پولنگ اسٹیشنز پر گرمی کی شدت میں بھی عوام کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہو ئیہیں جو اپنے حق رائے دہی کے استعمال کیلئے اپنی باری کاانتظار کر رہے ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے فل پروف انتظام دیکھنے میں آئے،پاک فوج ،رینجرز اور پولیس کے اہلکار اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہے ہیں اور لوگوں کو مکمل سہولت فراہم کر رہے ہیں،پولنگ اسٹیشن کے اندر بھی پرامن خوشگوار ماحول دیکھنے میں آیا اور لوگ خوش اسلوبی سے اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے تھے،میڈیا آبزرور ٹیم جن کے پاس الیکشن کمیشن آ ف پاکستان کے جار ی کردہ کارڈ تھے انہیں بھی سکیورٹی اداروں کی طرف سے مکمل تعاون ملا اور اس موقع پر میڈیا کے نمائندگان نے بھی اپنے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دئیے،پولنگ کے دوران معمر خواتین اور مرد اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے سے بھی کسی سے پیچھے نہ رہے اور بغیر کسی جھجک اور خوف کے پولنگ اسٹیشنز پہنچے جہاں انہوں نے اپنا ووٹ اپنے پسندیدہ امیدوار کو کاسٹ کیا،ووٹرز کیلئے پولنگ اسٹیشنز پر ٹھنڈے پانی کا بھی انتظام کیا گیا۔