حسن ابدال،قومی اسمبلی کی دو اور صوبائی اسمبلی کی پانچ نشستوں پر 12لاکھ سے زائد مردوخواتین ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا

پولنگ مقررہ وقت صبح 8بجے اِنتہائی پرامن طریقہ سے شروع ہوئی،پولیس اور فوج کے جوان پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات رہے

بدھ 25 جولائی 2018 20:16

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2018ء) ضلع اٹک میں قومی اسمبلی کی دو اور صوبائی اسمبلی کی پانچ نشستوں پر 12لاکھ سے زائد مردوخواتین ووٹرز نے گزشتہ روز اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ملک بھر کی طرح ضلع اٹک میں بھی پولنگ اپنے مقررہ وقت صبح 8بجے اِنتہائی پرامن طریقہ سے شروع ہوئی۔کسی قسم کے ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لئے پولیس اور فوج کے جوان پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات تھے۔

(جاری ہے)

پریذائڈنگ افسران،اسسٹنٹ پریذائڈنگ مردوخواتین افسران اور دیگر اِنتخابی عملہ مقررہ وقت پر اپنے فرائض کی ادائیگی کے لئے پولنگ اسٹیشنز پر پہنچ گئے ۔پولنگ بوتھ کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے ووٹرز نے اِنتہائی سہولت اور آسانی سے اپنا ووٹ پول کیا۔ضلع اٹک کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 55 اٹک 1اور این اے 56اٹک 2میں پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 1ہزار 69جبکہ پولنگ بوتھ کی تعداد 3ہزار6سو46تھی ۔ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 1سے پی پی 5تک پولنگ اسٹیشنز کے مردوخواتین سٹاف کی تعداد 1ہزار 69تھی۔