ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی کوئٹہ میں خود کش حملوں کی مذمت

بدھ 25 جولائی 2018 22:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2018ء) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں مشرقی بائی پاس،تعمیر نو کالج،کمپلیکس کے قریب رائے دہندگان،پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں پر خود کش حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے اور حقیقی عوامی نمائندگی کا راستہ روکنے کی سازش قرار دیا۔بیان میں کہا گیاکہ انتخابات جیسے حساس روز خودکش حملہ آور کا پر ہجوم جگہ پر پہنچ کر خود کو اڑھانے سے ظاہر ہوتاہے کہ نگران وفاقی و صوبائی حکومتیں اور الیکشن کمیشن سیکورٹی کی ایسے خاطر خواہ انتظامات نہیں کراسکے تھے جسکی وجہ سے خودکش بمبار کو داخلے اور خود کو دھماکے سے اڑھانے کا موقع ملا،جس کے نتیجے میں 2درجن سے زائد بے گناہ شہری و سیکورٹی اہلکار شہید اور دہائیوں زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

اس واقعے سے یہ بھی واضح ہوگئی ہے کہ کوئٹہ شہر سمیت صوبے کے کسی علاقے میں دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہواہے۔بلکہ دہشت گردوں نے ایک ایسی پلان ترتیب دی ہے جو سیکورٹی اداروں اور پلاننگ کرنے والے محکموں کو بھی چکرا دیتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹوں کے باوجود خونی واقعات رونما ہورہے ہیں اور بڑی تعداد میں عام شہری سیکورٹی و قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار اس کا نشانہ بن رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیاکہ مستونگ واقعے کے بعد انتخابی عمل کے دوران یہ صوبے میں دوسرا بڑا واقعہ ہے جس میں بڑی تعداد میں بے گناہ افراد کی قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیںاب ضرورت اس بات کی ہے کہ محکمہ داخلہ ،نگراں حکومتیں،سیکورٹی و قانون نافذ کرنیوالے ادارے صورتحال کا جائزہ لیکر ایسے ضروری اقدامات کریں جس کے نتیجے میں دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے جان ومال کو تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملے۔

ہر خودکش حملہ یا دھماکے کی وجہ سے بڑی تعداد میں بے گناہ افراد کی ہلاکت کے واقعات حکومت اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے ذمہ دار اداروں کی ناقص کارکردگی کی نشاندہی کرتاہے جو انتہائی قابل افسوس عمل ہے۔بیان میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونیوالے افراد کی بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے زخمیوں کے خصوصی علاج و معالجے کا مطالبہ کیا گیا۔