راولپنڈی ڈویژن میں 71,50,800ووٹرزنے حق رائے دہی استعمال کیا ،مجموعی طور پر ووٹنگ پر امن ماحول میں ہو ئی

راولپنڈی ڈویژن کی606 انتہائی حساس اور 1036 حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات تھے

بدھ 25 جولائی 2018 23:37

راولپنڈی ڈویژن میں 71,50,800ووٹرزنے حق رائے دہی استعمال کیا ،مجموعی طور ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2018ء) ملک کے دیگر حصوں کی طرح راولپنڈی ڈویژن میں بھی گیارھویں عام انتخابات سخت سیکورٹی انتظامات اور بھاری ٹرن آئوٹ کے ساتھ عمل مکمل ہو گیا، ڈویژن بھر کے 71,50,800ووٹرزنے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ راولپنڈی ڈویژن میں بھی عام انتخابات بدھ 25جولائی کو پر امن اور شفاف انداز میں منعقد ہوئے اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر (ای سی پی) پاکستان جسٹس(ر )سردار محمد رضا خان نے این اے 62 راولپنڈی کے مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے ڈویژنل پبلک سکول ڈھوک کالا خان، شمس آباد، پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی، مری روڈ اور ویمن ڈگری کالج سکستھ روڈ میں قائم پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا اور پولنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک خود مختار ادارہ ہے اور ای سی پی نے آزادنہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے بھرپور کوشش کی۔

انہوں نے پولنگ عملے اور ووٹرز سے بھی انتظامات کے حوالے سے گفتگو کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر خالد نواز، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر راولپنڈی ٹو نعیم احمد اور ڈسٹرکٹ آفیسرز بھی موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ آفیسرز نے چیف الیکشن کمشنر کو شفاف انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے بریفنگ دی ۔الیکشن کمیشن کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں شامل اضلاع میں اٹک کے مجموعی ووٹرز کی تعداد 12,10,741،چکوال کے مجموعی ووٹرز کی تعداد 11,03,534،جہلم ،9,45,50،ضلع راولپنڈی کے مجموعی ووٹرز کی تعداد 31,25,669جبکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے راولپنڈی ڈویژن میں شامل ضلع اسلام آباد میں مجموعی ووٹرز کی تعداد7,65,348ہے ۔

اے پی پی کو دستیاب اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں 606پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس اور 1036 حساس قرار دیئے گئے تھے ، پولنگ اسٹیشنز کی سیکورٹی کے لیے انہیں تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا تھا،حساس اور انتہائی پولنگ اسٹیشنز میں راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع اٹک ،راولپنڈی ، چکوال ،جہلم اور اسلام آباد شامل تھے ۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایڈمنسٹریٹو ڈویژن کی جانب سے اے پی پی کو موصولہ اعدادو شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی راولپنڈی ریجن کا حصہ تھا جہاں پر مجموعی طور پر 786پولنگ اسٹیشنز میں سے 26انتہائی حساس ،87 حساس جبکہ 673 عمومی سیکورٹی کے حامل پولنگ اسٹیشنز تھے ۔

مسلم لیگی امیدوار حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کیمیکل کوٹہ کیس میں سزاء کے بعد الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 60میں عام ا نتخابات ملتوی کر دیئے گئے تھے ضلع راولپنڈی کی حتمی پولنگ اسکیم کے تحت ضلع بھر میں مجموعی طور پر 6200پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے جن میں سے 3200پولنگ بوتھ مرد حضرات کے لیے جبکہ 3000 پولنگ بوتھ خواتین کے قائم کیے گئے تھے ۔ضلعی الیکشن کمشنر دفتر راولپنڈی سے ’’اے پی پی ‘‘کو موصولہ اعدادو شمار کے مطابق ضلع راولپنڈی میں مجموعی طور پر 2576پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے جہاں پر ضلع راولپنڈی کے 16,47,507 مرد رجسٹرڈ ووٹرز اور 14,78,162 خواتین رجسٹرڈ ووٹرز سمیت 31,25,669 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ۔

الیکشن کمیشن ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ اس مرتبہ انتخابی نتائج کے درست اور تیز ترسیل کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا )نے ریٹرننگ آفیسرز کو آر ٹی ایس رزلٹ ٹرانسمیشن سروس فراہم کی تھی جس کے ذریعے وہ الیکشن کمیشن کو انتخابی نتائج کی بروقت ترسیل کو یقینی بنایا گیا ۔ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ نادار ٹیموں نے سمارٹ فونز کے ذریعے ریٹرننگ افسران کو فراہم کی گئی آر ٹی ایس ایپ کی کارکردگی کو جانچنے کی یقین دھانی بھی کر لی تھی ۔

الیکشن کمیشن نے ضلع راولپنڈی کے ہر حلقے میں ایک کنٹرول روم قائم کیا تھا جہاں پر ایک ریٹرننگ افسر کی ہمہ وقت موجودگی یقینی بنائی گئی اور انتخابات کو مانیٹر کرنے کے ساتھ ساتھ کلوز سرکٹ کیمروں کے ذریعے انتخابی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا ۔ضلع راولپنڈی میں 104 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس جبکہ 91 حساس قرار دیئے گئے تھے ۔ راولپنڈی ضلع کے 2576پولنگ سٹیشنز پر ضلعی پولیس بشمول اضافی نفری کے 8388افسرا ن و ملازمان نے ڈیوٹی سر انجام دی۔

اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے پر امن انتخابات 2018ء کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل دیا تھا۔ سیکیورٹی پلان کے مطابق راولپنڈی ضلع میں کل2576پولنگ سٹیشنز میں ووٹ ڈالنے کا عمل ہو ا۔ حساسیت کے اعتبار سے راولپنڈی ضلع کے پولنگ سٹیشن کو 3حصو ںمیں تقسیم کیا گیا تھا۔ جس میں کیٹیگری"A"کے 220پولنگ اسٹیشنز، کیٹیگری"B"کے 400پولنگ اسٹیشنز اور کیٹیگری"C"کے 1956پولنگ اسٹیشنز شامل تھے ۔