Live Updates

نواز شریف کو نریندرمودی سے دوستی بہت مہنگی پڑی ہے

نواز شریف کو مودی کا یار کہا گیا ، یہ ٹرینڈ تحریک انصاف نے ہی چلوایا تھا ۔ ریحام خان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 26 جولائی 2018 13:35

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جولائی 2018ء) : عام انتخابات 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف کی برتری کافی لوگوں کو چُبھ رہی ہے ، یہی وجہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے خلاف کئی لوگوں نے محاذ کھول لیا ہے جس میں سے ایک پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی دوسری سابقہ اہلیہ ریحام خان ہیں۔ بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ریحام خان نے عمران خان اور ان کی جماعت پی ٹی آئی کے خلاف زہر افشانی کی ۔

بھارتی اینکر نے ریحام خان سے سوال کیا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بھارتی وزیر اعظم نریندرامودی سے اچھے تعلقات تھے اور ان کی کیمسٹری بھی اچھی تھی ، اگر عمران خان وزیر اعظم بن گئے تو ان کا پاک بھارت تعلقات پر کیا اثر پڑے گا؟ جس پر ریحام خان نے کہاکہ مودی سے دوستی کی نواز شریف کو بہت بھاری پڑی ہے ۔

(جاری ہے)

نواز شریف کو مودی یا یار کہہ کر پُکارا جاتا رہا۔

صرف اس وجہ سے کہ وہ بھارت سے اچھے تعلقات کی حمایت کرتے تھے ، یہی نہیں ٹویٹر پر بھی عام انتخابات کے دوران ٹاپ ٹویٹر ٹرینڈ بھی یہی رہا جو پی ٹی آئی نے چلایا تھا اور وہ یہ تھا کہ بلا گھماﺅ ،بھارت بھگاﺅ ۔ انہوں نے کہاکہ سیاست میں آنے کے لیے آپ کو وہ کہنا پڑتا ہے جو آپ کو کہنے کے لیے کہا جاتا ہے اور یہ بہت خطرناک ہے۔ ریحام خان نے الیکشن کو میچ فکسنگ اور بال ٹیمپرنگ سے تشبیہہ دے دی ۔

اچھا یہی ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی جائے اور صفائی سے کھیلی جائے اور لمبی اننگ کا سوچا جائے۔ اگر کوئی 5،6 ماہ کے لیے آپ کو وزیراعظم بنا بھی دے تو بطور کھلاڑی اپنی ساکھ کو نہیں کھونا چاہئیے۔ میرا خیال ہے کہ یہ لگ رہا ہے کہ عمران خان کے جو بیانات ہیں اس سے بہت سے لوگوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ بہت سے لوگوں کے اشاروں پر چلتے ہیں ان کی اپنی کوئی شخصیت نہیں رہتی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان 40 سال سے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت کے بھی ہیرو رہے ہیں، وزیر اعظم تو بہت آئے گئے لیکن عمران خان نے جو اپنی عزت کھوئی ہے وہ باعث پشیمانی ہے۔ عمران خان نے جس قسم کے فیصلے کیے ہیں اور جس طرح کا کچرا اکٹھا کیا ہے اور اپنی پارٹی میں ڈالا ہے ، آپ ان کے اُمیدواروں کی فہرستیں دیکھیں ، آپ کہاں سے اینٹی اسٹیٹس کو ہیں جب سارے اسٹیٹس کو آپ کے ارد گرد بیٹھے ہوئے ہیں۔ آپ کہاں سے اینٹی کرپشن ہیں جب کرپٹ لوگ آپ کے ساتھ بیٹھے ہیں۔ ریحام خان کی عمران خان کے خلاف زہر افشانی پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات