Live Updates

الیکشن 2018ء اسٹیبلشمنٹ یا فوج نے نہیں کروائے ۔ حمزہ علی عباسی کا بھارت کو منہ توڑ جواب

نواز شریف کو کرپشن کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا جس کے بعد عمران خان کا نظریہ مقبول ہوا۔ حمزہ علی عباسی کا بھارتی ٹی وی چینل پر بیان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 26 جولائی 2018 16:43

الیکشن 2018ء اسٹیبلشمنٹ یا فوج نے نہیں کروائے ۔ حمزہ علی عباسی کا بھارت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جولائی 2018ء) : بھارتی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف اداکار اور فلمسٹار حمزہ علی عباسی نے پاک فوج اور اسٹیبشلمنٹ کے خلاف ہونے والے پراپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دےد یا ۔ بھارتی ٹی وی اینکر نے حمزہ علی عباسی سے سوال کیا کہ الیکشن 2018ء میں پی ٹی آئی نے برتری حاصل کی ہے ، کیا آپ عمران خان کی جماعت پی ٹی آئی کی کارکردگی کو دیکھ کر حیران ہیں یا آپ کو پہلے سے ہی اس کی توقع تھی؟ جس پر حمزہ علی عباسی نے کہا کہ الیکشن میں پی ٹی آئی کی برتری بلاشُبہ عمران خان کی فتح ہے ۔

کیونکہ یہ الیکشن نہ تو اسٹیبلشمنٹ نے کروایا ہے اور نہ ہی اس کے پیچھے فوج تھی۔ اس طرح کی باتیں صرف اور صرف سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی پارٹی پھیلا رہے ہیں کیونکہ ان کو رنگے ہاتھوں کرپشن کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں پہلی مرتبہ کسی طاقتور انسان کو کرپشن کی بنیاد پرسزا دی گئی ہے۔اپنی اس سزا سے منحرف ہوتے ہوئے نواز شریف اور ان کی جماعت نے یہ سازش کرنا شروع کر دی ہے۔

حمزہ علی عباسی نے بھارتی ٹی وی چینل پر بات کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کے بھی کئی نام نہاد اخباروں نے اس موقف کو شائع کیا جسے دیکھ کر مجھے بے حد تکلیف ہوئی کیونکہ اس سازش کا کوئی ثبوت نہیں ہے اور یہ بس مسلم لیگ ن اور اس کے رہنمائوں کی بلاجواز باتوں اور منطق پر مبنی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بہت سے ایسے لوگ ہیں جو پاک آرمی اور آئی ایس آئی کو بُرا بھلا کہتے اور ان کے خلاف پراپیگنڈہ کرتے ہیں۔

ان کی تعداد انتہائی کم ہے۔ عالمی میڈیا میں شائع کیے جانے والے آرٹیکلز انہی 20 سے 30 لوگوں نے لکھے ہوتے ہیں۔ جب کوئی بات یا کام ان کے حق میں نہیں جاتا تو ان کو ہر چیز میں سازش نظر آجاتی ہے۔ ان سب کو عمران خان بھی پسند نہیں ہے کیونکہ عمران خان نے مذہبی گروپس کو بھی اپنے ساتھ کھڑا کیا۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف اور ان کے لوگ اس طرح کے پراپیگنڈے کر رہے ہیں ، حالانکہ ایسے لوگوں کی تعداد بہت کم ہے ، پاکستان کی اکثریت نے باہر نکل کر اپنے ووٹ کا استعمال کیا اور پی ٹی آئی کو ووٹ دیا ، لیکن پی ٹی آئی کی جیت پر حیرانی کی وجہ میں سمجھنے سے قاصر ہوں۔

پاکستان میں عمران خان ہی وہ واحد اُمیدوار ہیں جو اپنی محنت کی وجہ سے سیاستدان بنے ہیں۔ عمران خان کا تعلق کسی سیاسی خرانے سے نہیں ہے، انہوں نے کسی آمر کی وجہ سے برتری حاصل نہیں کی ، ان کو 24 سالوں کی محنت کے بعد یہ مقام ملا ہے ۔ بھارتی اینکر نے سوال کیا کہ عمران خان کو طالبان خان کہا جاتا ہے ، ان کے نئے پاکستان میں آخر نیا کیا ہے؟ جس پر حمزہ علی عباسی نےجواب دیا کہ عمران خان کو طالبان خان اس لیے کہا جاتا تھا کیونکہ انہوں نے طالبان کے ساتھ جنگ کرنے سے منع کیا تھا کیونکہ ان کے خیال میں اس وقت وہ جنگ امریکہ کے لیے تھی۔

لیکن اب امریکہ ، افغانستان اور بھارت بھی انہی طالبان کے ساتھ مذاکرات بھی کر رہے ہیں، اور افغانستان میں انہیں افغانیوں کے طور پر تسلیم بھی کر لیا گیا ہے۔ عمران خان نے جو اس وقت کہا تھا وہ اتنے سالوں کے بعد ان سب کو سمجھ آیا ہے۔ 2002ء میں عمران خان نے طالبان پر بمباری کرنے سے منع کیا تھا اور ان کی 2002ء والی سوچ آج صحیح ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین دہشتگردی کا نہیں بلکہ کشمیر کا مسئلہ ہے اور ہمیں اسے تعلیم کرنا چاہئیے۔

پاک بھارت تعلقات کا براہ راست تعلق مسئلہ کشمیر کے حل سے ہے اور عمران خان بھی یہی کہہ رہے ہیں۔ عمران خان نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا گٹھ جوڑ توڑ کر اکثریت حاصل کی ، عمران خان میں بین الاقوامی سطح پر اپنے موقف پر ڈٹے رہنے اور غلط کے خلاف آواز اُٹھانے کی ہمت ہے۔ اور یہی نئے پاکستان میں بھی ہوگا۔ دوسری بات نئے پاکستان کے نئے وزیر اعظم عمران خان کرپٹ نہیں ہیں جس کا ادراک ان کے مخالفین کو بھی ہے اور وہ اس بات کو تسلیم کرتے ہیں۔

نئے پاکستان میں ہمارے پاس نئے لوگ ہیں جو پاکستان کی معیشت، خارجہ پالیسی سمیت ملک کے اہم شعبوں کا چارج سنبھالیں گے۔ اور یہی ''نیا پاکستان'' ہے۔حمزہ علی عباسی نے بھارتی ٹی وی چینل کو منہ توڑ جواب دیا جس پر ان کو خوب سراہا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ حمزہ علی عباسی نے بھارتی میڈیا پر بیٹھ کر قابل تعریف انداز میں بھارتی پراپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیا جبکہ ریحام خان نے بھارتی میڈیا پر بیٹھ کر عمران خان اور پی ٹی آئی سے متعلق زہر افشانی کی۔ حمزہ علی عباسی نے کیسے بھارتی اینکر کی بولتی بند کی آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات