Live Updates

این اے 125،129‘پی ٹی آئی کی خوشی غم میں بدل گئی

یاسمین راشد کے حامیوں نے رات گئے تک بھرپور جشن منایا ،علیم خان کے حامیوں نے بھی مٹھائیاں تقسیم کیں،صبح بازی پلٹ گئی

جمعرات 26 جولائی 2018 19:07

این اے 125،129‘پی ٹی آئی کی خوشی غم میں بدل گئی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جولائی2018ء) تحریک انصاف کی حلقہ این اے 125 او رحلقہ این اے 129میں ممکنہ کامیابی کی خوشی چند گھنٹوں بعد ہی غم میں بدل گئی ،پی ٹی آئی کے حامیوں نے رات گئے تک بھرپور جشن منایا تاہم صبح کے وقت بازی پلٹ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد اور مسلم لیگ (ن) کے وحید عالم کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا اور رات گئے تک نتائج حق میں ہونے پر پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے مرکزی دفتر سمیت مختلف مقامات پر بھرپور جشن منایا گیا ۔

تاہم صبح کے وقت غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق (ن) لیگ کے وحید عالم نے کامیابی حاصل کر لی جس پر پی ٹی آئی کے کارکنوں میں مایوسی پھیل گئی اور ان کے چہرے لٹک گئے ۔بھرپور مقابلہ کرنے پر ڈاکٹر یاسمین راشد کو نہ صرف اپنی جماعت بلکہ دوسری جماعتوں کے رہنمائوں کی جانب سے بھی سراہا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق حلقہ این اے 129میں بھی رات گئے تک بازی عبد العلیم خان کے حق میں تھی تاہم جمعرات کی صبح ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آنے پر پی ٹی آئی شکست کھا گئی اور (ن) لیگ کے سردار ایاز صادق کامیاب ہو گئے ۔

پی ٹی آئی کے عبد العلیم خان کے حامیوں کی جانب سے بھی رات گئے مٹھائیاں تقسیم کر کے ایک دوسرے کو پیشگی مبارکبادیں بھی دیدی گئی تھیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات