Live Updates

عام انتخابات 2018 کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں تحریک انصاف کی ایک اور بڑی وکٹ اڑ گئی

مسلم لیگ ن کے چوہدری ارمغان سبحانی نے سیالکوٹ میں 1 لاکھ 29 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے تحریک انصاف کی فردوس عاشق اعوان کو شکست دے دی

muhammad ali محمد علی جمعرات 26 جولائی 2018 22:33

عام انتخابات 2018 کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں تحریک انصاف کی ایک ..
سیالکوٹ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26جولائی 2018ء) عام انتخابات 2018 کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں تحریک انصاف کی ایک اور بڑی وکٹ اڑ گئی، مسلم لیگ ن کے چوہدری ارمغان سبحانی نے سیالکوٹ میں 1 لاکھ 29 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے تحریک انصاف کی فردوس عاشق اعوان کو شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے پاکستان کے دسویں عام انتخابات کے سلسلے میں غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف باآسانی وفاقی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ اب تک تحریک انصاف کو 119 قومی اسمبلی کی نشستوں پر برتری حاصل ہے۔ انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد جمعرات کے روز تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے قوم سے خطاب بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب کے دوران عمران خان نے قوم سے اپنے منشور پر عمل کرنے کا وعدہ کیا۔

دوسری جانب گزشہ شب سے عمران خان کی اسلام آباد میں بنی گالہ رہائش گاہ میں حکومت سازی کے حوالے سے مشاورت بھی جاری ہے۔ خاص کر وفاقی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف کے اکثر مرکزی رہنما اس وقت بنی گالہ میں موجود ہیں۔ اب ذرائع سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کی کابینہ کے کچھ لوگوں کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔

واضح امکان ہے کہ شاہ محمود قریشی کو وزیر خارجہ، شفقت محمود یا عارف علوی کو اسپیکر قومی اسمبلی جبکہ شیریں مزاری کو وزیر دفاع بنائے جانے کا امکان ہے۔ جبکہ کابینہ کے مزید لوگوں کیلئے بھی متعدد ناموں پر غور جاری ہے۔ اسد عمر کے حوالے سے بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ انہیں وزارت خزانہ کا قلمدان سونپا جائے گا۔ جبکہ کچھ نوجوان رہنماوں کو بھی کابینہ کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف اور آزاد امیدواروں کے درمیان بھی معاملات طے پا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اب تک کل 14 آزاد امیدوار قومی اسمبلی کی نشستوں پر جیتنے کی پوزیشن میں ہیں۔ ان 14 آزاد امیدواروں میں سے 14 آزاد امیدوار تحریک انصاف میں شامل ہونے کی تیار ہو گئے ہیں۔ تاہم تحریک انصاف کی کوشش ہے کہ آزاد امیدوار بنا کسی شرائط کے حکومت کا حصہ بنیں۔

تازہ ترین صورتحال کے مطابق جو نتائج سامنے آرہے ہیں ان میں تحریک انصاف کی کچھ بڑی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔جن میں سے سیالکوٹ این اے 73 سے عثمان ڈار کی وکٹ شامل ہے جنہیں خواجہ آصف کے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ،اب سیالکوٹ سے ایک اور بری خبر تحریک انصاف کے لیے آئی ہے ۔این اے 73 کے بعد این اے 72 سے بھی تحریک انصاف کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔عام انتخابات 2018 کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں تحریک انصاف کی ایک اور بڑی وکٹ اڑ گئی مسلم لیگ ن کے چوہدری ارمغان سبحانی نے سیالکوٹ میں 1 لاکھ 29 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے تحریک انصاف کی فردوس عاشق اعوان کو شکست دے دی۔فردوس عاشق اعوان کے حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد 90ہزار ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات