Live Updates

الیکشن کمیشن کے رزلٹ مینجمنٹ سسٹم نے ذوالفقار کھوسہ کو جیتی ہوئی نشست سے محروم کردیا

ڈیرہ غازی خان کے حلقہ این اے 190 کا نتیجہ ایک دن کے بعد تبدیل ہو گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 27 جولائی 2018 11:51

الیکشن کمیشن کے رزلٹ مینجمنٹ سسٹم نے ذوالفقار کھوسہ کو جیتی ہوئی نشست ..
ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جولائی 2018ء) : الیکشن کمیشن آف پاکستان کے رزلٹ مینجمنٹ سسٹم کی غلطی نے پی ٹی آئی رہنما سردار ذوالفقار کھوسہ کو جیتی ہوئی نشست سے محروم کردیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے حلقہ این اے 190 سے ذوالفقار کھوسہ اپنی جیتی ہوئی نشست ہار گئے۔ ڈیرہ غازی خان کے حلقہ این اے 190 سے گذشتہ روز ریٹرننگ آفیسر نے پی ٹی آئی رہنما سردار ذوالفقار کھوسہ کی 117 ووٹ کی برتری سے کامیابی کا اعلان کیا تھا لیکن دوبارہ گنتی میں سردار ذوالفقار کھوسہ 225 ووٹ سے ہار گئے۔

تفصیلات کے مطابق آج جاری ہونے والے فارم 45 کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ ڈیرہ غازی خان کے حلقہ این اے 190 سے پی ٹی آئی رہنما سردار ذوالفقار کھوسہ نہیں بلکہ آزاد اُمیدوار سردار امجد فاروق کھوسہ کامیاب ہوئےہیں۔

(جاری ہے)

آزاد اُمیدوار سردار امجد فاروق کھوسہ 72186 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کے اُمیدوار ذوالفقار کھوسہ 71964 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔

فارم 45 میں لکھا گیا کہ کلیریکل غلطی کی وجہ سے آزاد اُمیدوار سردار امجد فاروق کے ایک پولنگ اسٹیشن کے ووٹس شامل نہیں کیے گئے تھے۔ ترجمان ڈی آر او نے کہا کہ آزاد اُمیدوار سردار امجد فاروق کے پولنگ اسٹیشن کے ووٹ شامل کرنے کے بعد این اے 190 سے سردار امجد فاروق ہی کامیاب قرار پائے ہیں۔نئے نوٹی فکیشن کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے حلقہ این اے 190 سے آزاد اُمیدوار سردار امجد فاروق 225 ووٹوں کے فرق سے کامیاب ہوئے ہیں۔

کلیریکل غلطی کی وجہ سے پی ٹی آئی رہنما سردار ذوالفقار کھوسہ اپنی جیتی ہوئی آبائی نشست ہار گئے۔ آر او آفس نے غلطی کو درست کرتے ہوئے آزاد اُمیدوار سردار امجد فاروق کو کامیاب قرار دیا۔ یاد رہے کہ سردار ذوالفقار کھوسہ جون 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے۔ اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ میں ایک طویل عرصے تک مسلم لیگ کا حصہ رہا اور مسلم لیگ کو عروج کے وقت چھوڑا۔ اس وقت یہ مسلم لیگ نہیں بلکہ ن لیگ بن چکی ہے۔ ڈیرہ غازی خان کی نشست سے پی ٹی آئی کے اُمیدوار سردار ذوالفقار کھوسہ کی جیتی ہوئی نشست ہارنے سے پڑا اپ سیٹ ہو گیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات