دُبئی ایئر پورٹ پر 26 کلو گرام بھنگ پکڑی گئی

نائیجیرین باشندے کو دس سال قید اور ایک لاکھ درہم جرمانے کی سزا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 27 جولائی 2018 15:52

دُبئی ایئر پورٹ پر 26 کلو گرام بھنگ پکڑی گئی
دُبئی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 جُولائی 2018) ایک نائیجیرین باشندے کو منشیات کی سمگلنگ کے الزام میں دس سال قید اور ایک لاکھ درہم جرمانے کی سزا سُنا دی گئی۔ملزم کو سزا کی مُدت پُوری ہوتے ہی ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ استغاثہ کے مطابق 33 سالہ نائیجیرین باشندہ 3مارچ 2018ء کو وِزٹ ویزے پر دُبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچا۔ ایئر پورٹ کسٹمز انسپکٹرز کو اُس کے سامان میں سے بھنگ مِلی۔

تاہم اُس نے عدالت میں منشیات کی ملکیت سے صاف انکار کر دیا اور منشیات کے استعمال کے الزام کو بھی تسلیم کرنے سے انکار کیا۔ عدالت نے ملزم پر منشیات رکھنے اور سمگل کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ ایک کسٹمز انسپکٹر نے استغاثہ کو بتایا کہ وہ وقوعہ کے روز ایئر پورٹ پر اپنی معمول کی ڈیوٹی نبھا رہا تھا کہ ملزم وہاں پہنچا۔

(جاری ہے)

مجھے میرے ساتھیوں نے بتایا کہ ملزم کے بیگ میں کوئی مشکوک چیز موجود ہے۔

ملزم دروازے سے باہر نکل رہا تھا کہ میں نے اُسے روک لیا اور اُسے اپنا سامان چیک کروانے کو کہا تو اُس نے جواباً کہا کہ اس میں صرف خوراک ہے‘ اس کے علاوہ کچھ نہیں۔ تاہم جب اسے کھولا گیا تو اس میں گتّے کے پچاس چھوٹے بکس موجود تھے۔ اس موقع پر ملزم کے چہرے پر پریشانی اور بوکھلاہٹ کے آثار دکھائی دینے لگے۔ جب ایک کارڈ بکس میں کھولا گیا تو اس میں سے بھنگ برآمد ہوئی۔

اس کے بعد جب باقی کارڈ بکس کھولے گئے تو ان میں بھی یہی نشہ آور شے پائی گئی۔ ملزم نے بتایا کہ اُسے نہیں پتا تھا کہ گتّے کے بکسوں میں موجود شے بھنگ ہے۔ اسے یہ چھوٹے باکس اُس کے وطن نائیجیریا میں ایک جاننے والے نے دیئے تھے کہ انہیں دُبئی میں مقیم ایک شخص کے حوالے کر دیا جائے۔ ملزم کے مطابق گرفتاری کے وقت اُس نے نشہ نہیں کر رکھا تھا ۔ تاہم فرانزک رپورٹ کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے بعد کروائے گئے پیشاب ٹیسٹ سے پتا چلا کہ اُس نے چرس بھی پی رکھی تھی۔ ملزم کو فیصلے کے خلاف پندرہ دِنوں کے اندر اپیل کا حق دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :