Live Updates

جدہ: پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کا سعودی عرب میں بھی خیر مقدم

پاکستانی اور سعودی باشندے کامیابی کو خوش آئند قرار دے رہے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 27 جولائی 2018 16:41

جدہ: پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کا سعودی عرب میں بھی خیر مقدم
جدہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 جُولائی 2018) پاکستان تحریک انصاف کی 2018ء کے انتخابات میں فیصلہ کُن کامیابی کو مُلک کے اندر اور مُلک سے باہر بہت تحسین کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔ سعودی عرب میں بھی لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں جنہوں نے عمران خان کی کامیابی کو مُلک میں تبدیلی کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ عمران خان کے برسراقتدار آنے سے مُلک سے کرپشن‘ دہشت گردی‘ اقربا پروری اور وی آئی پی کلچر کا خاتمہ ہو گا۔

معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے‘ بے روزگاری کا خاتمہ ہو گا جس کے باعث عوام کے چہروں پر خوشحالی اور بے فکری کی چمک نمودار ہو گی۔ پاکستانی کمیونٹی کے مختلف افراد کا کہنا تھا کہ عوام نے آزمائے ہوئے چہروں کی بجائے اس بار تبدیلی کے داعی اور مسٹر کلین عمران خان کو ووٹ دیا ہے جس نے سیاست میں آنے سے پہلے ہی پاکستان کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں خصوصاً کینسر ہسپتال جیسے مشکل پراجیکٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچانا عمران خان کی انتھک محنت اور بے پناہ کوشش کا نتیجہ تھا جس کے ثمرات سے غریب عوام بہرہ ور ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

اگر عمران خان نے اپنے وعدوں کو پُورا کیا تو یہ مُلک کے لیے بہت اچھا ثابت ہو گا۔ دُوسری جانب کئی سعودی باشندے بھی عمران خان کی کامیابی پر مسرور دکھائی دیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کو کرکٹ کی وجہ سے جانتے ہیں۔ اُن کی شخصیت میں کچھ ایسا کرشمہ ہے جو دیکھنے والے کو مسحور کر دیتا ہے۔ اگرچہ اُن کی اُردو زبان میں کی گئی تقریریں سمجھ تو نہیں آتیں‘ تاہم اُن کے لہجے میں جھلکتا اعتماد اور سچائی لوگوں کو اپنا دیوانہ بنا دیتی ہے۔ اُن میں اسلامی دُنیا کا ایک مؤثر قائد بننے کی صلاحیتیں بدرجہ اتم موجود ہیں۔ اگر وہ بطور سربراہ سعودی عرب تشریف لائے تو اُن کاسعودی عوام کی جانب سے بھرپور استقبال کیا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات