Live Updates

انتخابات 2018،کراچی کی سیاست کا نقشہ بدل گیا، بلے نے سب کی چھٹی کرادی

پاکستان تحریک انصاف 14سیٹیں لے کر کراچی کی سب سے بڑی جماعت جبکہ ایم کیوایم 4سیٹیں جیت سکی

جمعہ 27 جولائی 2018 17:31

انتخابات 2018،کراچی کی سیاست کا نقشہ بدل گیا، بلے نے سب کی چھٹی کرادی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2018ء) شہر قائد میں تحریک انصاف کے بلے نے سب کی چھٹی کردی، نہ فاروق ستار کی پتنگ اڑ سکی نہ ہی مصطفی کمال کامیاب ہوسکے جبکہ شہباز شریف کو بھی کراچی والوں نے مسترد کردیا اور بلاول بھٹو اپنے گڑھ لیاری میں ہار گئے۔پاکستان تحریک انصاف 14سیٹیں لے کر کراچی کی سب سے بڑی جماعت بن گئی۔تفصیلات کے مطابق انتخابات 2018 نے کراچی کی سیاست کا نقشہ بدل گیا، کراچی کی قومی اسمبلی کی 21نشستوں کے غیرحتمی غیرسیاسی نتائج نے ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلزپارٹی کی بنیادوں کو ہلاکررکھ دیا۔

کراچی میں تحریک انصاف نے سب سے زیادہ 14 نشستیں حاصل کیں بلکہ پیپلزپارٹی کا لیاری سے صفایا بھی کردیا اور ایم کیو ایم کو عزیزآباد میں ہرا کر بڑا اپ سیٹ کردیا۔

(جاری ہے)

کراچی والوں نے جہاں عمران خان کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا وہیں پی ٹی آئی کے دیگر امیدواروں پر اعتماد کا اظہار بھی کیا۔این اے 243 سے عمران خان کو 94 ہزار سے زیادہ ووٹ ملے جبکہ ایم کیوایم کے علی رضاعابدی صرف24 ہزار ووٹ لے سکے۔

پی ٹی آئی کے امیدوارفیصل واوڈا نے این اے 249 سے مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کو شکست سے دو چار کیا تو عامر لیاقت حسین نے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو شکست دی۔حلقہ این اے 244 سے پی ٹی آئی رہنما کے علی زیدی نے ن لیگ کے مفتاح اسمعیل کوہرادیا جبکہ این اے 247 میں پی ٹی آئی رہنما عارف علوی نے ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار کو شکست دیدی۔ایم کیوایم کو کراچی سے قومی اسمبلی کی صرف 4سیٹیں ملیں جبکہ پاک سرزمین پارٹی ایک بھی سیٹ حاصل نہ کرسکی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات